
خلیج اردو
لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے، جہاں اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس 366 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب کے دیگر شہر بھی شدید فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہیں، بالخصوص ملتان میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 533 اور قصور میں 481 تک جا پہنچا ہے۔
صوبائی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے سموگ اور آلودگی کے خاتمے کے لیے حکومتی کارروائیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں اب تک فصلیں جلانے کے 420 واقعات کے شواہد ملے ہیں، جن پر فوری ایکشن لیتے ہوئے 237 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں پر مجموعی طور پر 32 لاکھ 55 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ آلودگی کے اس خطرناک جن پر قابو پانے کے لیے انتظامیہ فیلڈ میں موجود ہے اور ماحول دشمن سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔







