
خلیج اردو
برٹش ورجن آئی لینڈز نے بعض غیر ملکی شہریوں کے لیے ای ویزا کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ نافذ کردیا ہے۔ اس تبدیلی سے ان ممالک کے اہل شہری فائدہ اٹھا سکیں گے جن پر پہلے ویزا پابندیاں لاگو تھیں، لیکن جنہیں برٹش ورجن آئی لینڈز میں قانونی طور پر رہنے یا کام کرنے کی اجازت حاصل ہے۔
حکومت کے محکمہ امیگریشن کے 11 نومبر کو جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کابینہ نے ایسے اہل افراد کے لیے ای ویزا کی شرط ختم کرنے کی منظوری دی ہے۔ یہ چھوٹ 15 نومبر 2026 سے نافذ ہوگئی ہے۔
نئے فیصلے کے تحت درست انٹری پرمٹ رکھنے والے اور اس کی شرائط پر عمل کرنے والے غیر ملکی شہری اس سہولت کے اہل ہوں گے۔ ان کے زیرِ کفالت وہ افراد بھی فائدہ اٹھا سکیں گے جو متعلقہ امیگریشن شرائط پوری کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایسے افراد بھی اس سہولت میں شامل کیے گئے ہیں جنہیں ورک پرمٹ کی منظوری کا امیگریشن کلیئرنس لیٹر مل چکا ہے لیکن وہ ابھی علاقے میں داخل نہیں ہوئے یا انہیں اصل ورک پرمٹ اور انٹری پرمٹ جاری نہیں ہوا۔
حکام کے مطابق یہ چھوٹ مستقل حیثیت نہیں رکھتی۔ انٹری پرمٹ ختم ہونے، منسوخ ہونے یا واپس لیے جانے پر یہ سہولت بھی ختم ہوجائے گی۔ اسی طرح زیرِ کفالت افراد کی اہلیت بھی مرکزی پرمٹ رکھنے والے شخص کی قانونی حیثیت سے منسلک رہے گی۔
جن افراد نے پہلے ہی ویزا درخواست جمع کروا رکھی ہے، انہیں اپنی درخواست کا عمل مکمل کرنا اور مقررہ فیس ادا کرنا ہوگی۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ ای ویزا سے چھوٹ ملنے کے باوجود دیگر سفری اور امیگریشن شرائط برقرار رہیں گی۔







