راولپنڈی: پاک فوج نے انٹلی جنس اطلاعات پر دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا ہے جس میں کالعدم جماعت کے خودساختہ کمانڈر لیاقت ہلاک ہو گئے ہیں۔ دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی جوان نے شہادت نوش فرمائی۔
افواج پاکستان کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے شاکس میں سکیورٹی فورسزکے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد کمانڈرلیاقت علی عرف شاہین ہلاک ہو گیا،آپریشن میں ایک فوجی جوان نے بھی جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردلاپتہ افراد کی فہرست میں بھی شامل تھا۔ دہشتگرد سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمدہوا ہے۔ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی سلیم خان شہیدہو گیا،28 سالہ سلیم خان شہید کا تعلق صوابی سے تھا۔ پاک فوج دہشت گردوں کے مکمل خاتمہ کے لیے پرعزم ہے۔