خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان کے سپریم کورٹ جانب سے سینیٹر اعظم سواتی کے بیان پر ردعمل آگیا ہے اور عدالت اعظمی نے ان کے بیان کی تردید کی ہے۔
سپریم کورٹ اعلامیے کے مطابق سینیٹر جناب محمد اعظم خان سواتی کی ایک پریس کانفرنس الیکٹرانک/سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں مبینہ طور پر کہا گیا ہے کہ ان کے سپریم کورٹ جوڈیشل لاجز کوئٹہ میں قیام کے دوران قابل اعتراض ویڈیو ریکارڈ کی گئی۔
سپریم کورٹ کے ججز ریسٹ ہاؤس، کوئٹہ کا انتظام اور نگرانی رجسٹرار آفس سپریم کورٹ آف پاکستان اسلام آباد کر رہا ہے اور واضح رہے کہ یہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے معزز حاضر سروس اور سابق ججوں کے استعمال کے لیے ہے۔
بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ جناب محمد اعظم سواتی نے کبھی بھی سپریم کورٹ کے ججز ریسٹ ہاؤس کوئٹہ میں قیام نہیں کیا۔ تاہم، اسپیشل برانچ، بلوچستان کے مطابق جناب اعظم سواتی نے مذکورہ دورے کے دوران بلوچستان جوڈیشل اکیڈمی یعنی جوڈیشل کمپلیکس کوئٹہ میں قیام کیا جو سپریم کورٹ آف پاکستان کے کنٹرول میں نہیں ہے۔