خلیج اردو
راولپنڈی: پاکستان کے بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان میں میران شاہ اور تربیلا کا دورہ کیا ۔ میران شاہ میں،سپہ سالارنے یادگار شہداء پر حاضری دی فاتحہ کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
آرمی چیف کو علاقے کی سیکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے خطرے کو ناکام بنانے کے ردعمل کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی۔
جنرل عاصم منیر نے پاکستان افغانستان سرحد پر تعینات فرنٹ لائن دستوں کا بھی دورہ کیا۔ افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کے دوران ان کی پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری کی تعریف کی۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج کی توجہ بدلتی سیکیورٹی صورتحال پر مرکوز ہے ، دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کے گٹھ جوڑ کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں ، سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے دیرپا امن یقینی بنا رہے ہیں۔ بھاری قربانیوں سے حاصل امن رائیگاں جانے نہیں دیں گے ،
بعد ازاں آرمی چیف نے ایس ایس جی ہیڈکوارٹرز تربیلا کا دورہ کیا۔ آرمی چیف ل نے ایس ایس جی کے افسران اور جوانوں بشمول الضرار کمپنی کے جوانوں سے ملاقات کی۔
الضرار کمپنی کے سپاہیوں نے حالیہ بنوں آپریشن میں حصہ لیا تھا۔ سپہ سالارنے مختلف آپریشنز میں ان کے ناقابل تسخیر جذبے، قربانیوں اور پیشہ وارانہ عزم کی تعریف کی۔اور کہا کہ ایس ایس جی قوم کا فخر ہے اور اس نے ہمیشہ اپنا لوہا منوایا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے استقبال کیا۔