خلیج اردو : ایف آئی اے نے افغانیوں کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کرنے میں ملوث پاسپورٹ اینڈ امیگریشن آفس پشاور کے 6 ملازمین کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سینکڑوں افغانیوں کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کئے جانے کے انکشافات سامنے آئے۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے اینٹی کرپشن سیل نے خفیہ اطلاع پر پشاور میں کارروائی کی۔
ذرائع ایف آئی اے نے بتایا کہ کارروائی کے دوران پاسپورٹ اینڈ امیگریشن آفس پشاور کے 6ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاسپورٹ آفس کے گرفتار ملازمین کیخلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے،گرفتار ملازمین افغان شہریوں کو پاکستانی ڈیٹا پرپاسپورٹ جاری کرتے تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ملازمین کے خلاف افغان شہریوں کو پاسپورٹ اجرا کے شواہد موجود ہیں، وزارت خارجہ کو افغانیوں کو پاکستانی پاسپورٹ اجرا کی شکایات موصول پر کارروائی کی گئی۔
ایف آئی اے ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر جعلی پاکستانی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے افغان باشندوں کو گرفتار کر رہی تھی۔
گزشتہ ماہ ایسے ہی ایک واقعے میں ایف آئی اے امیگریشن ونگ نے دو افغان شہریوں کو جعلی پاکستانی پاسپورٹ کے ذریعے لندن جانے کی کوشش کرنے پر گرفتار کیا تھا۔