پاکستانی خبریں

ملک میں ضمنی انتخابات پر فافن کی رپورٹ: پاکستان تحریک انصاف کے ووٹ بنک میں اضافہ دیکھنے میں آیا

خلیج اردو

اسلام آباد : فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک فافن نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق ضمنی انتخابات کے دوران ووٹرز کا مجموعی ٹرن آوٹ پینتیس فیصد رہا۔متعدد مقامات پر چند ناخوشگوار واقعات رونما ہوئے تاہم مجموعی طور پر انتخابات پرامن رہے۔

 

فافن کی رپورت میں کہا گیا ہے کہ ضمنی انتخابات میں ٹرن آوٹ عام انتخابات کے مقابلے میں کم رہا۔ سب سے زیادہ ووٹرز ٹرن آوٹ پی پی دو سو نو خانیوال میں ترپن اعشاریہ تین فیصد جبکہ سب سے کم  این اے دو سو انتالیس کورنگی میں چودہ اعشاریہ آٹھ فیصد رہا،رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے آٹھ اور صوبائی اسمبلی کے تین نشستوں پر ایک سو اٹھارہ امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا جن میں سے صرف تین خواتین تھی۔

 

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ضمنی انتخابات کے دوران متعدد بے ضابطگیاں ہوئیں جبکہ مختلف پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ کے دوران غیر متعلقہ افراد کی موجود رہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چند مقامات پر پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر لڑائیاں بھی ہوئیں۔

 

فافن کے مطابق گیارہ میں سے چھ حلقون میں تحریک انصاف کے ووٹ بینک میں اضافہ جبکہ پانچ حلقوں میں کمی ہوئی ہے۔این اے ایک سو ستاون ملتان میں پیپلزپارٹی کے ووٹ بینک میں اضافہ ہوا ہے۔ ضمنی انتخابات کے دوران اکیانوے فیصد پولنگ اسٹیشنز کے باہر پارٹیوں کے کیمپس موجود رہے جبکہ آٹھ فیصد کیمپوں میں پولنگ کے دوران مسلح افراد بھی موجود تھے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button