خلیج اردو
راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جانب سے پرامن مارچ کے اعلان کے باوجود حکومت کی جانب سے اتنی سیکورٹی لمحہ فکریہ ہے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریڈزون کے حدود میں توسیع کی گئی تو ہم لال حویلی کے حدود میں توسیع کرکے روات سے عمران خان کے لانگ مارچ کا استقبال کریں گے۔
شیخ رشید احمد نے عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے پرامن مارچ کو حکومت متنازع بنانا چاہتی ہے
شیخ رشید احمد نے کہا کہ معاملات مذاکرات سے حل ہوں تو اچھی بات ہے۔ ہم سیکورٹی فورسز سے تصادم نہیں چاہتے۔ قوم زندہ ہو چکی ہے اور عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔ عمران خان کے ساتھ ووٹ کی طاقت ہے۔
شیخ رشید نے عمران خان کی حکومت کے خاتمے کے بعد اسٹبلشمنٹ سے رابطہ نہ ہونے اور ان کی جانب سے کسی قسم کی دھمکی نہ ملنے کا اقرار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اسٹبلشمنٹ کی جانب سے دھمکیاں ملنے کی شکایت کرتے ہیں لیکن کبھی میرے ساتھ ایسا نہیں ہوا۔