خلیج اردو: سابق وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ان کی لندن کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کی منصوبہ بندی پر تنقید کرتے ہوئے اسے ’پرانے پاکستان‘ میں واپسی قرار دیا ہے۔
گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی نے ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ جمائما گولڈ اسمتھ کے لندن کے گھر کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔
عابد شیر علی نے ایک تصویر بھی شیئر کی تھی جس میں ان کی رہائش گاہ کا پورا پتا بھی درج تھا اور سابق وزیر اعظم کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی گئی تھی۔
جمائما گولڈ اسمتھ نے عابد شیر علی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’میرے گھر کے باہر احتجاج، میرے بچوں کو نشانہ بنانا، سوشل میڈیا پر یہود مخالف بدزبانی، ایسا لگتا ہے جیسے میں 90 کی دہائی کے لاہور میں واپس آگئی ہوں
Protests outside my house, targeting my children, antisemitic abuse on social media…. It’s almost like I’m back in 90s Lahore. #PuranaPakistan pic.twitter.com/0R2YOPcQrJ
— Jemima Goldsmith (@Jemima_Khan) April 15, 2022
جمائما گولڈ اسمتھ نے اپنی ٹوئٹ میں ’پرانا پاکستان‘ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
عابد شیر علی نے جمائما گولڈ اسمتھ کو جواب دیتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان کو اپنے احتجاج کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنے سیاسی مخالفین کے گھروں کے باہر حملوں اور احتجاج کا حکم دیا، جبکہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مخالفین کے نفرت اور دہشت گردی کے جذبات کو ہوا دیتے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے مزید کہا کہ ہمارا احتجاج پرامن اور تشدد سے پاک ہوگا۔
جمائما گولڈ اسمتھ اور عابد شیر علی کے درمیان جاری بحث و مباحثے میں سینئر صحافی حامد میر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کو اس طرح کے احتجاج سے احتراز کے مشورے دیے۔
حامد میر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو لندن میں نواز شریف کے گھر کے باہر احتجاج کرنا بند کرنا چاہیے اور مسلم لیگ (ن) کو جمائما گولڈ اسمتھ کے گھر کے باہر ایسا نہیں کرنا چاہیے، شیشے کے گھروں میں رہنے والوں کو دوسروں پر پتھر نہیں پھینکنا چاہیے۔
تاہم، جمائما گولڈ اسمتھ نے حامد میر کے ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اور ان کے بچے پاکستانی سیاست کا حصہ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احترام کے ساتھ کہتی ہوں کہ فرق یہ ہے کہ میرا اور میرے بچوں کا پاکستانی سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
With respect, The difference is that I have got nothing to do with Pakistani politics and neither have my children. They are low- key private individuals who are not even on social media. https://t.co/REB4u5ncqa
— Jemima Goldsmith (@Jemima_Khan) April 15, 2022
جمائما گولڈ اسمتھ کو جواب دیتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ آپ کے بچے غیر سیاسی ہیں لیکن پی ٹی آئی کا پٹا پہن کر پاکستان کے اس وقت کے وزیر اعظم کے خلاف احتجاج کرتے ہیں، منافقت کی حد ہے۔