پاکستانی خبریں

اسلام آباد کچہری اور وانا کیڈٹ کالج پر حملے کرنے والے دہشت گرد افغانستان سے آئے، قبائلی عمائدین نے بھی واضح کر دیا کہ وہ کالعدم ٹی ٹی پی کو نہیں مانتے

خلیج اردو
وانا:وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کیڈٹ کالج وانا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کچہری اور وانا کیڈٹ کالج پر حملہ کرنے والے دہشت گرد افغانستان سے آئے تھے۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو نہیں مانتے اور ملک کے امن کو خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ دشمن سانحہ اے پی ایس جیسی بزدلانہ کارروائی کرنا چاہتا تھا لیکن ہمارے دلیر جوانوں نے اپنے خون اور ہمت سے یہ حملہ ناکام بنایا۔ وزیرِ داخلہ کے مطابق یہ لوگ دہشت گرد نہیں بلکہ درندے ہیں جن کا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں، اور انہیں انسان کہنا بھی انسانیت کی توہین ہے۔

محسن نقوی نے خوارجیوں کا حملہ ناکام بنانے والے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کیڈٹ کالج وانا کی بہترین انداز میں تزئین و آرائش کی جائے گی۔

قبائلی عمائدین نے ہر قسم کی دہشت گردی کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹی ٹی پی کو نہیں مانتے، دہشت گرد اسلام کے منافی کام کرتے ہیں اور وانا کے غیرتمند لوگ کسی دہشت گرد کا ساتھ نہیں دیتے۔ عمائدین نے کہا کہ پاک فوج روز و شب ہماری حفاظت کے لیے جانوں کی قربانیاں دے رہی ہے اور حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پر شکر گزار ہیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button