خلیج اردو
لاہور: پاکستان میں بچوں کے خلاف تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور ایک تازہ ترین رپورٹ میں تکلیف دہ انکشافات ہوئے ہیں جہاں لاہور پولیس کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں گزشتہ گیارہ ماہ کے دوران بچوں کے اغوا کی 9 سو سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئی جس میں متعدد مغوی بازیاب ہوچکے ہیں۔
لاہور پولیس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 33 بچوں کی تلاش جاری ہے۔ 75 مقدمات کی تفتیش جاری ہے جبکہ واقعات میں ملوث 96 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق صرف ماہ نومبر میں بچوں کے اغوا کی 44 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں سے 37 بچے بازیاب جبکہ بقیہ 9 بچوں کی تلاش ہورہی ہے۔ایس ایس پی انویسٹیگیشن حسنین حیدر کا کہنا ہے کہ بچے گھر سے ناراض ہو کر جائیں یا لاپتہ ہوجائیں لیکن مقدمات اغوا کی دفعات کے تحت ہی درج کئے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بچوں کے اغوا سے متعلق بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ تاحال بازیاب نہ ہونے والے 33 بچوں کی بازیابی کیلئے سی آئی اے اور انویسٹیگیشن کی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس نے پولیس رپورٹ کا حوالہ دے کر بتایا ہے کہ کچھ کیسز میں میاں بیوی کے جھگڑوں کی وجہ سے بھی بچے دونوں میں سے کسی ایک کو نہیں ملتے اور کئی معاملات میں شوہر بچوں کو بیرون ملک لے جا چکے ہیں۔
Source: Khaleej Times