خلیج اردو
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں کل سے 23 جون کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ محکمہ کے مطابق مون سون ہوائیں پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہو چکی ہیں، جس کے باعث مختلف شہروں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، پشاور، سوات، ایبٹ آباد اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ دوسری جانب کراچی، حیدرآباد، بدین، تھرپارکر اور خضدار جیسے جنوبی و جنوب مغربی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے ممکنہ اربن فلڈنگ، لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشے کے پیشِ نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی صورت حال سے باخبر رہیں تاکہ کسی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔






