پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہبازشریف کہتا عمران خان نے فوج کی بڑی توہین کردی ،شہبازشریف تمہیں کل جہلم جلسے میں جواب دوں گاکہ میں نے کیا توہین کی اور تم غداروں نے کیا کیا؟تمہارا سارا خاندان جھوٹا ہے،تم اور تمہارا بھائی اصل میر جعفر اور میر صادق ہیں۔
انہوں نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے آخری وقت میں مجھے سب کی پہچان ہوگئی ہے کہ کون مشکل وقت میں ساتھ کھڑا رہے گا، سب کو سمجھنا ہوگا کہ پاکستان میں یہ وقت اس کو سمجھیں، انسان میں جس میں قابلیت نہیں ہوتی وہ وقت کی اہمیت نہیں سمجھتا وہ کبھی کامیاب نہیں ہوتا، میں نے پہلے کبھی اس قدر جذبہ جنون نہیں دیکھا میں نے کوئی نئی بات تو نہیں کی، 26 سال سے کہہ رہا ہوں کہ کسی کے سامنے نہیں جھکوں گا ، لیکن اب اللہ نے قوم کو جگا دیا ہے-
عوام دلیر ہے، غیرت مند ہے، زلزلہ آیا اربوں روپے کا نقصان ہوا لیکن قوم خود کھڑی ہوئی، ہمارا مسئلہ ہمارے اوپرکرپٹ،بزدل اور غدار بیٹھے ہوئے ہیں، اگر اوورسیز پاکستانی 32ارب ڈالر نہ بھیجیں تو کیا ہو، محنت کش یہاں پیسا بھیجتے ہیں جبکہ چور ڈاکو چوری کرکے باہر پیسا بھیج دیتے ہیں، کون سا وزیراعظم ہے جو لندن کے مہنگے علاقے میں رہتا ہو، آف شوراکاؤنٹس، پیسا کہاں سے آیا جواب نہیں دیتے، یہ غدار اور میرجعفر میر صادق ہیں، شہبازشریف نے آج ڈرامہ کیا، یہ سارا خاندان جھوٹا ہے،سچ بولا نہیں جاتا،کہتا عمران خان نے فوج کی بڑی توہین کردی ہے، کل جہلم میں میرا جلسہ ہے ، شہبازشریف وہاں تمہارا جواب دوں گا، میں نے کتنی توہین کی اور تم غداروں نے ملک کے ساتھ کیا کیا؟ تم اور تمہارا بھائی اصل میر جعفر اور میر صادق ہو، پہلے مشرف سے این آراو لیا اب پھر این آراو لے رہے ہو۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے مشکل وقت ہمیں ملا ہے، ہم نے ٹیکس، ایکسپورٹ، ترسیلات زرریکارڈ رہا، ہمارے دور میں سب سے کم بے روزگاری تھی، ہندوستان میں کورونا سے 55 لاکھ لوگ مرے ہیں، ہم سے 7 گنا بڑا ہے اور یہاں 31 ہزار اموات ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف تم نے امریکا کے ساتھ مل کر غداری کی اور آج یہ حالات ہیں۔