خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف سے بین الپارلیمانی یونین کے صدر نے ملاقات کی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزی نے بھارت کا نام نہاد جمہوری چہرہ بے نقاب کردیا۔ فیک نیوزجمہوریت کودرپیش ایک بڑا چیلنج ہے۔ موسمیاتی تبدیلی ہمارے وقت کی زندہ حقیقت ہے۔ وزیراعظم سے فن لینڈ کے وفد اورپاکستان میں فرانسیسی سفیراورکینیڈین وزیرنے بھی ملاقات کی۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ پاکستان سیلاب سے جس تباہی کا سامنا کررہا ہے وہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہے عالمی برادری آگے بڑھے اور اس آفت سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خامیوں کے باوجود جمہوریت اب بھی دنیا کا بہترین نظام ہے،، فیک نیوزجمہوریت کودرپیش بڑے چیلنجوں میں سے ایک ہے۔
مسٹر شریف نے فن لینڈ سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں کےوفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول موجود ہے۔ یقینی بنایا جاتا ہے کہ پروجیکٹس کی تکمیل کے عمل میں شفافیت کی ملحوظ خاطررکھا جائے۔ فن لینڈ کے وفد نے پاکستان میں توانائی خصوصاً سولرانرجی، ونڈ انرجی ، بائیو گیس ، فوڈ پراسیسنگ اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف سے پاکستان میں فرانسیسی سفیرنکولس گیلے اورکینیڈا کے وزیر برائے بین الاقوامی ترقی ہرجیت سنگھ سجن نے بھی ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم نے فرانسیسی اورکینیڈین حکومت کا سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف سے اسپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے بھی ملاقات کی اورسیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے دو کروڑدولاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔