متحدہ عرب امارات

دبئی: آر ٹی اے نے ای بائیک ڈیلیوری سروس مزید 7 علاقوں تک توسیع دے دی

دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) نے ای بائیک ڈیلیوری سروس کا دائرہ کار مزید 7 نئے علاقوں تک بڑھا دیا ہے۔ اس توسیع کے بعد سروس اب مجموعی طور پر 11 علاقوں میں دستیاب ہوگی۔

نئے شامل کیے گئے علاقوں میں الطوار 1، الطوار 2، القصیص 1، شیخ محمد بن راشد بلیوارڈ، دبئی میڈیا سٹی، جمیرہ لیکس ٹاورز (JLT) اور دبئی مرینا شامل ہیں۔

اس سے قبل آزمائشی مرحلے میں یہ سروس الکرامہ، الحمریہ، ام ہریر اور المنخول میں شروع کی گئی تھی۔

آر ٹی اے کے مطابق یہ توسیع دبئی کمرشل اینڈ لاجسٹکس لینڈ ٹرانسپورٹ اسٹریٹجی 2030 اور فرسٹ اینڈ لاسٹ مائل اسٹریٹجی کا حصہ ہے، جس کا مقصد ڈیلیوری لاگت کم کرنا، ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ دینا اور عالمی معیار کے مطابق ڈیلیوری نظام قائم کرنا ہے۔

اتھارٹی نے بتایا کہ نئے علاقوں کا انتخاب بنیادی ڈھانچے، مخصوص سائیکل ٹریکس، رہائشی علاقوں کی نوعیت، دکانوں اور ریستورانوں کی قربت، کاروباری طلب اور سافٹ موبیلٹی استعمال کرنے والوں کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔

یہ منصوبہ نجی شعبے کی ڈیلیوری کمپنیوں کے تعاون سے چلایا جا رہا ہے، جن کے ساتھ کیے گئے معاہدوں میں آپریشنل طریقہ کار، حفاظتی تقاضے اور عوامی تحفظ کے معیارات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا گیا ہے۔

آر ٹی اے کے مطابق آزمائشی مرحلے کے دوران صارفین کی اطمینان کی شرح تقریباً 99 فیصد جبکہ ڈیلیوری رائیڈرز کی اطمینان کی شرح 90 فیصد سے زائد ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران سامنے آنے والے آپریشنل مسائل کے حل کے لیے ریگولیٹری اقدامات بھی متعارف کرائے گئے۔

اتھارٹی نے مزید بتایا کہ ڈیلیوری سیکٹر کی تیزی سے بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے پیش نظر لائسنسنگ، معیار، نگرانی، آپریشنز اور قواعد و ضوابط کے نظام کو بھی مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button