متحدہ عرب امارات

گلوبل ولیج سیزن 31 میں 40 ہزار شوز، نئے پویلین اور سنسنی خیز رولر کوسٹر سمیت کیا کچھ نیا ہوگا؟

خلیج اردو
دبئی کا معروف تفریحی مقام گلوبل ولیج سیزن 31 کے ساتھ ایک بار پھر شہریوں اور سیاحوں کے استقبال کیلئے تیار ہے، نیا سیزن 14 اکتوبر کو شام 6 بجے شروع ہوگا، جس میں نئے پویلین، ریستوران، تفریحی سرگرمیوں اور سنسنی خیز رائیڈز سمیت متعدد نئے تجربات متعارف کرائے جائیں گے۔

سیزن 31 کے دوران گلوبل ولیج میں 29 پویلینز ہوں گے جو 90 سے زائد ثقافتوں کی نمائندگی کریں گے۔ سری لنکا کیلئے پہلی بار علیحدہ پویلین قائم کیا گیا ہے، جبکہ روس کے پویلین میں آذربائیجان کو بھی شامل کیا جائے گا۔ شام اور کویت کے پویلینز بھی نئے فرنٹ ڈیزائن کے ساتھ واپس آ رہے ہیں۔

گلوبل ولیج میں 3,500 سے زائد شاپنگ آؤٹ لیٹس موجود ہوں گے جہاں دنیا بھر کی مختلف ثقافتوں سے متعلق مصنوعات، روایتی ذائقے اور منفرد اشیا دستیاب ہوں گی۔ سیزن 31 میں خصوصی پاسپورٹ کے ذریعے مختلف پویلینز سے اسٹیمپ جمع کرنے کی سرگرمی بھی جاری رہے گی، جبکہ بچوں کیلئے پہلی بار الگ کڈز پاسپورٹ متعارف کرایا گیا ہے۔

گلوبل ولیج کے مقبول گارڈنز آف دی ورلڈ کو نئے ڈیزائن اور بہتر تجربے کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔ ثقافتی گیٹ پر نئی ایل ای ڈی لائٹنگ نصب کی گئی ہے جبکہ شارجہ ٹنل کو بھی نیا تھیم دیا گیا ہے۔

کھانے پینے کے شوقین افراد کیلئے 250 سے زائد ڈائننگ آپشنز دستیاب ہوں گے۔ نئے ریستورانوں میں ٹرابزون ترک ریسٹورنٹ، روبو الشام، حواوشی الربیع اور چکنگ شامل ہیں، جبکہ تین نئے کیفے وِنچی ڈولچی، ایمیر بے گورمیٹ اور اوزونگول کیفے بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔ مقبول ڈیزرٹ ڈسٹرکٹ کو بھی نئے انداز میں پیش کیا جائے گا۔

سیزن 31 میں 200 سے زائد تفریحی سرگرمیاں اور رائیڈز شامل ہوں گی۔ کارنیوال میں مشہور فیسٹیول وہیل کی گاڑیوں کو بھی نیا انداز دیا گیا ہے، جبکہ سیزن کے بعد کے مرحلے میں ٹوکیو رش نامی نئی رولر کوسٹر متعارف کرائی جائے گی، جس میں تیز رفتار موڑ اور سنسنی خیز لوپ شامل ہوگا۔

گزشتہ سیزن کی مقبول رائیڈز اور تجربات بھی واپس آ رہے ہیں، جن میں دی ڈریگن کنگڈم، دی ہارر ہوٹل، سیکرٹس آف دی لاسٹ سٹی اور ایکسو پلینیٹ سٹی شامل ہیں۔

تفریحی پروگراموں میں اس سال تقریباً 40 ہزار شوز پیش کیے جائیں گے۔ نئے پروگراموں میں ایکشن سے بھرپور اسٹنٹ شو فاسٹ لائیو 2: دی پولیس اسٹرائکس بیک شامل ہے۔ دو نئے مرکزی شوز بھی متعارف کرائے جا رہے ہیں، جن میں بالی ووڈ آئیڈل دو بھائیوں کی مختلف زندگیوں کی کہانی پیش کرے گا، جبکہ بینک ہائسٹ میں ایکشن، ایکروبیٹکس اور جرائم پر مبنی مہم جوئی دکھائی جائے گی۔

مقبول شو سلیم بھی واپس آ رہا ہے جبکہ بچوں کیلئے کڈز تھیٹر میں کیئر بیئرز اور پی جے ماسکس کے شوز پیش کیے جائیں گے۔

سیزن 31 میں سہولیات کو بھی بہتر بنایا گیا ہے۔ ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کیلئے نیا وی آئی پی پارکنگ سیلف پیمنٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ خاندانوں اور خصوصی ضروریات رکھنے والے افراد کیلئے مزید فیملی پوڈ واش رومز شامل کیے گئے ہیں۔

پارکنگ اور آمدورفت کو آسان بنانے کیلئے رہنمائی کے سائن بورڈز میں اضافہ کیا گیا ہے اور ہیپینس گیٹ پر ٹکٹ کاؤنٹرز بھی بڑھائے گئے ہیں۔ گیٹ آف دی ورلڈ پر عربی اور انگریزی میں نئے دو لسانی سائن بورڈز نصب کیے گئے ہیں۔

گلوبل ولیج نے مہمانوں کی سہولت کیلئے واٹس ایپ چیٹ بوٹ بھی متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے موبائل فون سے فوری معلومات اور معاونت حاصل کی جا سکے گی۔ گلوبل ولیج اتوار سے بدھ تک شام 4 بجے سے رات 12 بجے تک، جبکہ جمعرات سے ہفتہ اور سرکاری تعطیلات کے دوران شام 4 بجے سے رات 1 بجے تک کھلا رہے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button