سپورٹس

بھارت اے کو پاکستان شاہینز نے 48 رنز سے شکست دے دی، پاکستانی بولرز نے بھارتی بیٹنگ لائن تہس نہس کردی

خلیج اردو
رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ میں پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو 48 رنز سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کرلی۔ پاکستانی ٹیم کی جانب سے دیے گئے 314 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 265 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان نے میچ اپنے نام کرلیا۔

پاکستان شاہینز کی بیٹنگ میں حسن نواز نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 79 رنز بنائے، معاذ صداقت نے 59 اور فرحان یوسف نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کھلاڑیوں کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے بھارت اے کے سامنے بڑا ہدف رکھا۔

جواب میں بھارتی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے مشکلات کا شکار رہی۔ بھارت کی جانب سے تلک ورما نے 100 رنز بنا کر مزاحمت کی، تاہم انہیں دیگر بلے بازوں کی جانب سے مطلوبہ تعاون نہ مل سکا۔ بھارتی ٹیم 265 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور پاکستان نے 48 رنز سے کامیابی حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے علی رضا اور حسن نواز نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، محمد عمران نے دو جبکہ احمد دنیال اور سفیان خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ بھارتی بیٹنگ لائن کی مشکلات کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ چھ بھارتی کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

میچ کے دوران ٹاس کے موقع پر بھی دلچسپ صورتحال پیش آئی۔ پاکستانی کپتان عبدالصمد نے ہیڈز کی کال دی، تاہم میچ ریفری نے نتیجہ ٹیلز قرار دیا۔ عبدالصمد نے فوری طور پر اس غلطی کی نشاندہی کردی۔ میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتانوں کے ہاتھ نہ ملانے اور بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے مبینہ طور پر نامناسب زبان استعمال کرنے کی شکایات بھی سامنے آئیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button