متحدہ عرب امارات

ابوظہبی دبئی اتحاد ریل ٹکٹوں کی قیمت میں اوقات اور طلب کے مطابق 40 درہم تک اضافہ

خلیج اردو
اتحاد ریل پر دبئی اور ابوظہبی کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو پیک اوقات میں ٹکٹ کی قیمت میں 40 درہم تک اضافی رقم ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔ اتحاد ریل نے تصدیق کی ہے کہ ٹکٹوں کیلئے طلب کی بنیاد پر لچکدار قیمتوں کا نظام نافذ ہے۔

اتحاد ریل کے بکنگ پلیٹ فارمز پر دبئی اور ابوظہبی کے درمیان چلنے والی بعض ٹرینوں کے ٹکٹ پیک اوقات میں 40 درہم تک مہنگے دکھائی دیے۔ 11 اکتوبر کو دبئی سے شام 5 بج کر 14 منٹ پر روانہ ہونے والی ٹرین کی پریمیم کلاس کا ٹکٹ 149 درہم میں دستیاب تھا، جبکہ آف پیک اوقات میں اسی ٹکٹ کی قیمت 109 درہم ہے۔ اس ٹرین کی پریمیم کلاس میں صرف ایک نشست باقی تھی، جبکہ کمفرٹ کلاس کا ٹکٹ 59 درہم میں دستیاب تھا۔

ہفتے اور اتوار کے دوران دونوں امارات کے درمیان مختلف نشستوں کے ٹکٹ 49 سے 149 درہم تک کی قیمتوں میں دستیاب رہے، جبکہ آئندہ ویک اینڈ کیلئے کئی کیبنز کی نشستیں پہلے ہی فروخت ہوچکی ہیں۔

اتحاد ریل نے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ ٹکٹ کی قیمت منتخب سروس، سفر کے وقت اور تاریخ، ٹکٹ کی کلاس اور کیٹیگری کے ساتھ ساتھ بکنگ کے وقت کے مطابق مختلف ہوتی ہے۔

اتحاد ریل کے مطابق ٹکٹ کی مختلف کیٹیگریز مسافروں کی متنوع ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنائی گئی ہیں، چاہے وہ روزانہ سفر کرنے والے مسافر ہوں، کاروباری دورے پر ہوں، خاندان سے ملنے جا رہے ہوں یا ویک اینڈ پر ملک کے مختلف مقامات کی سیر کرنا چاہتے ہوں۔

ریلوے انتظامیہ نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اتحاد ریل کی ایپ یا ویب سائٹ کے ذریعے کرایوں کا موازنہ کرکے پیشگی بکنگ کریں۔ اسٹیشنز پر موجود وینڈنگ مشینوں سے بھی ٹکٹ خریدے جا سکتے ہیں، تاہم یہ سہولت نشستوں کی دستیابی سے مشروط ہے۔ اتحاد ریل کے ترجمان کے مطابق بعض مسافر 10 روز پہلے تک ٹکٹ بک کر رہے ہیں۔

اتحاد ریل نے دبئی کے جمیرہ گولڈ اسٹیٹ میں ال یلایس اسٹیشن اور ابوظہبی کے محمد بن زاید اسٹیشن کے درمیان مسافر سروس 30 ستمبر سے شروع کی تھی۔ دونوں امارات کے درمیان سفر کا دورانیہ تقریباً ایک گھنٹہ چار منٹ ہے اور روزانہ 10 براہ راست سروسز چلائی جا رہی ہیں۔

سروس شروع ہونے کے بعد سے ٹرینوں کو انتہائی زیادہ طلب کا سامنا ہے، جس کے باعث گزشتہ ویک اینڈ پر مسافروں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے مزید چھ نئی ٹرینیں شامل کی گئی تھیں۔

متحدہ عرب امارات کے پہلے ریلوے نیٹ ورک کی مسافر سروس 30 جون کو ابوظہبی اور فجیرہ کے درمیان شروع ہوئی تھی، جس کے بعد گزشتہ ماہ نیٹ ورک کو دبئی اور الذید تک توسیع دی گئی۔ اتحاد ریل کے ترجمان کے مطابق لیوا اسٹیشن بھی 11 دسمبر سے شروع ہونے والے معروف لیوا فیسٹیول سے قبل کھولے جانے کی توقع ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button