
خلیج اردو ویب ڈیسک 13 -جولائی-2020
ابوظہبی:بیوی کو قتل کرنے کے الزام میں ایک شخص کو 15 سال قید کی سزا۔مجرم کو 2 لاکھ درہم بطور خون بہا بھی ادا کرنے کا حکم۔
تفصیلات کے مطابق ابوظہبی کی وفاقی سپریم کورٹ نے ایک جی۔سی۔سی شہری کو اپنی بیوی کے گلے میں گترا ڈال کر اسے قتل کرنے کے الزام میں پندرہ سال قید اور دو لاکھ درہم بطور خون بہا ادا کرنے کی سزا سنادی۔
مجرم فعجیرہ کا رہائشی تھا اور اس کی اپنی بیوی کے ساتھ بچی کی حوالگی کو لے کر ہاتھا پائی ہوئی جس دوران اس نے اپنی بیوی کو قتل کردیا۔
مقتول عورت نے مجرم سے اپنی بچی کی حوالگی کا مطالبہ کیا جس کے بعد مجرم نے مقتول عورت کو گھر آنے کو کہا۔جہاں اس نے اسے یہ کہا کہ وہ بذریعہ عدالت بچی کی کفالت کرسکتی ہے۔
اسی دوران خاتون اپنے کپڑے ، زیورات اور پاسپورٹ اٹھانے بیڈ روم میں داخل ہوئی۔ جب وہ کمرے سے باہر نکلی تو اس نے مبینہ طور پر اپنی بیٹی کا ہاتھ اتنی زور سے کھینچا کہ وہ چیخ اٹھی۔
جب والد نے بچی کی چینخ سنی تو اس نے اپنی بیوی کو مبینہ طور پر اس کی گردن سے پکڑ لیا اور اسے فرش پر دھکیل دیا۔
وفاقی سپریم کورٹ کے ریکارڈسے پتہ چلتا ہے کہ اس شخص نے اپنی اہلیہ کو مصالحت کرنے اور اپنے اختلافات کو حل کرنے کی امید سے گھر آنے کے لئے بلایا تھا۔لڑائی کے دوران ، خاتون نے غصے سے اپنے شوہر کے چہرے پر زیورات کا ڈبہ پھینک دیا اور اسے گالیاں دینا شروع کردی۔
ریکارڈ کے مطابق ، اس کے بعد وہ شخص کھڑا ہوا اور اس نے اپنی بیوی کو زمین پر دھکیل دیا ، اس کی پیٹھ پر بیٹھ کر اس کے ہاتھ باندھ دئیے اور اس کے گلے کو گھٹنے سے دبایا۔ تب عورت کے ناک سے خون بہنا شروع ہوگیا۔
وفاقی سپریم کورٹ کی دستاویزات کے مطابق ، اس شخص نے مبینہ طور پر 15 منٹ تک اس کی گردن کو گھٹنے سے دبائے رکھا۔
اس کے بعد اس نے مبینہ طور پر ایک گھترا (ہیڈ سکارف) لیا اور اسے گلا دبا کر ہلاک کردیا اور اس بات کا یقین کرنے کے بعد کہ اس کی موت ہوگئی اسے چھوڑا۔
اسے قتل کرنے کے بعد ، اس شخص نے اپنے کمرے سے باہر نکل کر اپنی ماں کے کمرے میں جاکر اطلاع دی کہ اس نے اپنی بیوی کو مار ڈالا ہے۔ بعدازاں ، عدالتی دستاویزات کے مطابق ، اس نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔
فعجیرہ کی انسداد عدالت نے اس شخص کو عمر قید کی سزا سنائی اور اسے بطور خون بہا100،000 درہم ادا کرنے کو کہا۔ ملزم نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کرتے ہوئے سزا کی مدت میں کمی کرنے کا مطالبہ کیا۔
فعجیرہ اپیل عدالت نے پچھلی عدالت کے فیصلوں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے 15 سال قید کی سزا کے ساتھ عدالتی اخراجات ادا کرنے کی سزا سنائی۔
پبلک پراسیکیوشن اور اپیل کنندہ وفاقی سپریم کورٹ گئے ، جس نے یہ مقدمہ فعجیرہ وفاقی اپیل کورٹ میں منتقل کردیا ، جس نے اپنے پندرہ سال قید کے سابقہ فیصلے کو برقرار رکھا اور بیوی کے لواحقین کے لئے 100،000 درہم کی شرعی دیعت (اسلامی بلڈ منی) اور عدالتی اخراجات کو لاگو کیا۔
بعدازاں ، پبلک پراسیکیوشن نے عدالت سے اپیل کی کہ وہ شرعی قوانین کے مطابق خون بہا کے پیسے کی قیمت 200،000 درہم تک بڑھائیں۔عدالت نے شرعی قوانین کے مطابق خون بہا کی قیمت کو بڑھا دیا۔
بشکریہ:گلف نیوز







