
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں سوشل میڈیا پر ہونے والے تنازع کے بعد قتل کیے گئے بھارتی شہری کی میت آج جمعرات کو بھارت روانہ کی جا رہی ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات بدستور جاری ہیں۔
قانونی خدمات فراہم کرنے والے ادارے کے سربراہ سلام پاپنیسری کے مطابق مقتول کی میت دوپہر کے وقت شارجہ فرانزک ڈیپارٹمنٹ سے ورثا کے حوالے کی جائے گی۔ نماز جنازہ عصر کی نماز کے بعد فرانزک ڈیپارٹمنٹ کی مسجد میں ادا کی جائے گی۔
میت کو رات 10 بج کر 40 منٹ پر روانہ ہونے والی ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز کے ذریعے بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع کنور منتقل کیا جائے گا۔ مقتول کا بھائی بھی میت کے ہمراہ وطن جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق 40 سالہ بھارتی شہری گزشتہ ماہ شارجہ کے علاقے النہدہ میں ایک مبینہ جھگڑے کے دوران قتل ہوا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مقتول اور مبینہ ملزم کے درمیان ٹک ٹاک کی براہِ راست نشریات کے دوران تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا تھا، جس کے بعد دونوں کے درمیان ملاقات طے ہوئی۔
اطلاعات ہیں کہ دونوں افراد کے درمیان کافی عرصے سے سوشل میڈیا پر تنازع چل رہا تھا۔ واقعہ 31 مئی کی صبح پیش آیا، جہاں جھگڑے کے دوران مقتول شدید زخمی ہو گیا۔
فرانزک رپورٹ کے مطابق مقتول کی ٹانگ پر لگنے والا گہرا زخم جان لیوا ثابت ہوا۔ جبکہ شارجہ کے القاسمی ہسپتال کی دستاویزات میں موت کی وجہ تیز دھار آلے کے وار سے ہونے والا شدید خون بہاؤ قرار دی گئی ہے۔
مقتول دبئی میں ایک جوس شاپ میں ملازمت کرتا تھا اور اس کے پسماندگان میں بیوی اور چھ سالہ بیٹا شامل ہیں۔ وہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹک ٹاک پر بھی کافی سرگرم تھا اور مختلف موضوعات پر ویڈیوز شیئر کرتا رہتا تھا۔
قانونی نمائندے کے مطابق شارجہ پولیس نے واقعے کے سلسلے میں چند افراد کو حراست میں لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ہونے والے تنازعات بعض اوقات حقیقی زندگی میں خطرناک شکل اختیار کر لیتے ہیں، جس سے بچنے کے لیے برداشت اور قانونی راستہ اختیار کرنا ضروری ہے۔






