خلیج اردو: انٹرنیشنل ماسٹرز گیمز ایسوسی ایشن (آئی ایم جی اے) نے کہا ہے کہ ابوظہبی نے ماسٹرز گیمز سیریز ابوظہبی 2026 برائے ایشیا بحرالکاہل اور مشرق وسطیٰ کے انعقاد کے لیے میزبانی کے حقوق حاصل کر لیے ہیں۔
کھیلوں کے یہ مقابلے ابوظہبی ایگزیکٹو کونسل کے رکن عزت مآب شیخ ذیاب بن محمد بن زاید آل نھیان کی سرپرستی میں منعقد ہوں گے۔
مشرق وسطیٰ میں پہلی مرتبہ ہونے والی ماسٹرز گیمز 23 مارچ سے یکم اپریل 2026 تک منعقد ہوں گی۔ کثیر القومی کھیلوں کا یہ ایونٹ کھیلوں کے شعبے کی ترقی کے لیے متحدہ عرب امارات کی قیادت کی حمایت کی نمائندگی اور اعلیٰ بین الاقوامی ایونٹس کے انعقاد اور عالمی سطح پر رسائی اورعالمی امن کے مواقع پیدا کرنے کے لیے قیادت کی خواہش کی تصدیق ہے۔
عرب دنیا میں پہلی بار کھیلوں کا انعقاد ابوظہبی کی عالمی سطح پر اہم مقابلوں کے انعقاد اور کھیلوں کے عالمی مقابلوں کی ترقی کے لیے متحدہ عرب امارات کے عزم کو مزید مضبوط کرے گا۔ ماسٹرز گیمز 30 کھیلوں پر مشتمل ہیں جس میں 25 سال یا اس سے زیادہ عمر کے تمام کھلاڑی حصہ لے سکیں گے۔
گیمز کا مقصد تمام اماراتیوں اور غیر ملکیوں کو کھیلوں میں مشغول ہونے، کمیونٹی ممبران کی جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر بنانے، مختلف نسلوں کے کھلاڑیوں کو ایک جگہ کھیلنے، کھیلوں کے نظام کو مضبوط بنانے اور میزبان ملک کی اندرونی ثقافت، ورثے اور روایات کو اجاگر کرتے ہوئے کھیلوں کی سہولیات کو فروغ دینا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں نو دنوں کے دوران مختلف کھیلوں میں 5 سے 10ہزار ایتھلیٹس کی شرکت کی توقع ہے۔ ان مقابلوں میں باسکٹ بال، 3X3 باسکٹ بال، والی بال، جیو جِتسو، موئیتھائی، تیر اندازی، بیڈمنٹن، ویٹ لفٹنگ، ٹیبل ٹینس، ٹینس، پیڈل، ایتھلیٹکس، فٹ بال، آئس ہاکی، سائیکلنگ، رکاوٹ کورسز، شوٹنگ، تیراکی، گولف، کیکنگ، روئنگ، سیلنگ، فالکنری، اونٹ ریسنگ، ٹرائیتھلون اور فٹسال شامل ہیں۔
ابوظہبی اسپورٹس کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ نھیان بن زاید آل نھیان کا کہنا ہے کہ ابوظہبی میں 2026 ماسٹرز گیمز سیریز کا انعقاد دارالحکومت کی بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی کی تاریخ میں ایک اور کامیابی ہے جو متحدہ عرب امارات کی دانشمند قیادت کے وژن اور حمایت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
.انہوں نے کہا کہ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان کی حمایت نے ابوظہبی کی اس عالمی تقریب کی میزبانی کی بولی جیتنے میں اہم کردار ادا کیا ۔ ہمیں کھیلوں کے ان مقابلوں کی میزبانی کرنے پر بہت فخر ہے اور ہم ابوظہبی اور متحدہ عرب امارات میں ایک بار پھر دنیا کے استقبال کے منتظرہیں۔
شیخ نھیان نے مزید کہاکہ اس طرح کے ایونٹس مختلف اہم مقاصد کی تکمیل کرتے ہیں، کیونکہ ان میں متحدہ عرب امارات کے معاشرے کے تمام طبقات اور پوری دنیا سے ہزاروں کھلاڑی شریک ہوتے ہیں، جو کہ متحدہ عرب امارات کی رواداری اور تمام ثقافتوں کے لیے کھلے پن کا مظاہرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دانشمند قیادت کے تعاون سے، ہم نے جو جدید ترین انفراسٹرکچر بنایا ہے، اور اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ معیارات کو اپنانے کے لیے ہمارے نقطہ نظر سے، ہم مل کر پوری دنیا کے لیے ایک شاندارشو کی میزبانی کر سکیں گے۔
عزت مآب شیخ ذیاب بن محمد نے ابوظہبی کی ماسٹرز گیمز سیریز – ابوظہبی 2026 کی میزبانی اور اس کے انعقاد کے حقوق حاصل کرنے کو سراہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ نیا ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات خاص طور سے ابوظہبی کی عالمی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کے حوالے سے پہلے سے متاثر کن فہرست میں ایک نیا اضافہ ہوگا۔ہم اس کامیابی کو ہماری دانشمند قیادت کی رہنمائی اور اس کے بصیرت انگیز وژن کے مرہون منت قرار دیتے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ ہم اس عالمی ایونٹ کی کامیابی کے لیے تمام تعاون اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں جس میں دنیا بھر سے ہزاروں ایتھلیٹس شرکت کریں گے، ابوظہبی اپنے مرکزی جغرافیائی محل وقوع اور اپنے جدید عالمی معیار کی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی وجہ سے آئندہ کے مقابلوں کی میزبانی کے لیے ایک مثالی مقام ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ گیمز صرف عالمی کھیلوں کا ایک ایونٹ ہوگا بلکہ یہ معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ایک محرک ہوگا اور دنیا کے مختلف ممالک کے پیشہ ور اور غیر پیشہ ور کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ معاشرے کے مختلف اراکین کو مقابلوں میں حصہ لینے کا موقع فراہم کرے گا۔
کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی وزیرشما بنت سهيل بن فارس المزروعی نےابوظہبی کی جانب سے اس عالمی ایونٹ کی میزبانی کی اہمیت کو اجگر کیا جس میں عقلمند قیادت کے وژن کے تحت بات چیت کے پل تعمیر کرنے اور کھیلوں کے ذریعے کمیونٹی کی صحت کو فروغ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ماسٹر گیمز سیریز – ابوظہبی 2026 کی میزبانی کے لیے ابوظہبی کے انتخاب سے تنظیمی سطح میں قابلیت کا اضافہ ہو گا، اور متحدہ عرب امارات کی زمین اور ثقافت کی مستند اقدار کو اجاگر کرنے کا موقع ملے گا۔
شعبہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے چیئرمین ڈاکٹرمغير الخييلی نے ابوظہبی کی جانب سے ماسٹرز گیمز سیریز – ابوظہبی 2026 کی میزبانی کا اعزازملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ دارالحکومت میں کھیلوں کے بڑے مقابلوں کی فہرست میں ایک اور نمایاں اضافہ ہے جو کھیلوں کی سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے اس کی تیاری کی عکاسی کرتا ہے۔