
خلیج اردو
عرب ریڈنگ چیلنج کے دسویں ایڈیشن میں 12 سالہ اماراتی طالبہ دانا عادل الزرعونی نے متحدہ عرب امارات کی چیمپئن کا اعزاز حاصل کر لیا۔ دبئی ایکزیبیشن سینٹر، ایکسپو سٹی دبئی میں ہونے والی تقریب میں ان کے نام کا اعلان کیا گیا۔
دانا نے ملک بھر کے 8 لاکھ 30 ہزار سے زائد طلبہ کے درمیان یہ اعزاز حاصل کیا، جو اس مقابلے کی تاریخ میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے اب تک کی سب سے بڑی شرکت ہے۔
تقریب میں دبئی کلچر اینڈ آرٹس اتھارٹی کی چیئرپرسن شیخہ لطیفہ بنت محمد بن راشد آل مکتوم اور وزیرِ تعلیم سارہ بنت یوسف الامیری نے شرکت کی۔
شارجہ کے المحمود اسکول کے حمد محمد ابراہیم الہاشمی نے دوسری جبکہ ابوظبی کے خلیفہ بن زاید الاول اسکول کے حمد بن حمدان النہیان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
کامیابی کے بعد دانا عادل الزرعونی نے کہا کہ ہر کامیابی ایک خیال سے شروع ہوتی ہے، اور جب انسان اپنے خواب پر یقین رکھتا ہے تو وہ اس کی طرف قدم بڑھانا شروع کر دیتا ہے۔ انہوں نے اپنی کامیابی عربی زبان، الفاظ اور ان حروف کے نام کی جو شخصیت سازی کا ذریعہ بنتے ہیں۔
انہوں نے نئی نسل کے لیے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ "ہر تکلیف کا علاج ایک ناول میں اور ہر درد کی دوا ایک کتاب میں موجود ہے۔”
تقریب میں پیپل آف ڈیٹرمینیشن کی کیٹیگری میں شارجہ کے یوسف محمد حمید کو پہلی پوزیشن دی گئی، جبکہ دبئی کی نعیمہ الامیری کو بہترین سپروائزر، وحیدہ عبدالعزیز کو قومی کوآرڈینیٹر اور فجیرہ کے حمد بن عبداللہ الشرقی اسکول (بوائز سائیکل 3) کو بہترین اسکول کا اعزاز دیا گیا۔
شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کے آغاز کردہ عرب ریڈنگ چیلنج کو دنیا کا سب سے بڑا مطالعہ جاتی مقابلہ قرار دیا جاتا ہے۔ اس کے دسویں ایڈیشن میں 60 ممالک کے ایک لاکھ 38 ہزار 426 اسکولوں کے 4 کروڑ سے زائد طلبہ شریک ہوئے، جبکہ طلبہ کو ایک تعلیمی سال کے دوران کم از کم 50 کتابیں پڑھنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔







