متحدہ عرب امارات

اشویر سنگھ جوہل برطانوی پروفیشنل فٹبال کے پہلے سکھ مینیجر بن گئے

خلیج اردو
دبئی: اشویر سنگھ جوہل نے برطانوی پروفیشنل فٹبال میں تاریخ رقم کردی ہے۔ منگل کے روز وہ موری کامب فٹبال کلب کے مینیجر بن گئے، یوں وہ برطانیہ کی پروفیشنل فٹبال کی تاریخ کے پہلے سکھ مینیجر قرار پائے۔

جوہل نے اپنے تقرر کے بعد ایکس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ "انتہائی فخر ہے کہ مجھے موری کامب ایف سی کا مینیجر مقرر کیا گیا۔ میں پُرجوش ہوں کہ ٹیم کے ساتھ کام شروع کروں اور کچھ خاص تعمیر کروں۔”

30 سالہ جوہل اس کے ساتھ ساتھ انگلش فٹبال کی ٹاپ پانچ لیگز میں سب سے کم عمر مینیجر بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے اس سے قبل بی بی سی کو انٹرویو میں بتایا تھا کہ "میں خوش قسمت رہا ہوں کہ شاندار لوگوں سے سیکھنے کا موقع ملا، خاص طور پر کولو ٹورے اور سیسک فبریگاس سے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ "مجھے علم ہے کہ عالمی معیار کس طرح کے ہوتے ہیں، قیادت کیسے کرنی ہے اور ایک ٹیم کو واضح شناخت کے ساتھ کیسے تیار کرنا ہے۔”

اشویر سنگھ جوہل نے ڈیریک ایڈمز کی جگہ لی ہے، جو کلب کے مقبول مینیجر تھے لیکن نئے مالکان "پنجاب واریئرز” کی جانب سے حالیہ دنوں میں برطرف کردیے گئے۔ یہ فیصلہ کلب کے غیر یقینی مستقبل کے خاتمے اور ٹیک اوور کی تکمیل کے فوراً بعد کیا گیا۔

اگرچہ یہ ان کا پہلا موقع ہے کہ وہ کسی سینئر ٹیم کے مینیجر بنے ہیں، لیکن اس سے قبل وہ کولو ٹورے کے ساتھ ویگن ایتھلیٹک میں کام کرچکے ہیں اور اطالوی کلب کومو میں سیسک فبریگاس کے ساتھ یوتھ سیٹ اپ میں معاونت فراہم کرچکے ہیں۔

موری کامب، جو انگلش فٹبال کی نیشنل لیگ (پانچویں ڈویژن) میں کھیلتی ہے، ہفتے کے روز اپنے سیزن کا آغاز ایلٹرنچم کے خلاف کرے گی۔ ان کے ابتدائی دو میچ مالی بحران کے باعث ملتوی کردیئے گئے تھے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button