متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں مصنوعی بارش برسانے کے لیے روایتی کلاؤڈ سیڈنگ کے بجائے خودکار ڈرونز، نئے مواد اور بادلوں کی تشکیل پر اثرانداز ہونے والی ٹیکنالوجی پر تحقیق شروع کرنے کی تیاری کرلی گئی۔

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں مصنوعی بارش برسانے کے لیے روایتی کلاؤڈ سیڈنگ کے بجائے خودکار ڈرونز، نئے مواد اور بادلوں کی تشکیل پر اثرانداز ہونے والی ٹیکنالوجی پر تحقیق شروع کرنے کی تیاری کرلی گئی۔ اماراتی نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے زیر انتظام بارش بڑھانے کے سائنسی پروگرام نے تحقیق کے ساتویں مرحلے کا آغاز کردیا ہے، جس کے لیے 30 لاکھ ڈالر مختص کیے گئے ہیں اور زیادہ سے زیادہ پانچ تحقیقی منصوبوں کو فنڈنگ فراہم کی جائے گی۔

تحقیق میں ایسے خودکار ڈرونز کی تیاری پر توجہ دی جائے گی جو موزوں بادلوں کی نشاندہی، فضائی معلومات جمع کرنے اور مخصوص مقامات پر بارش بڑھانے والے مواد پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ ڈرونز کے گروپس کو باہمی رابطے کے ساتھ استعمال کرنے کے امکانات بھی جانچے جائیں گے۔

سائنس دان مختلف سیڈنگ مواد، ان کے ماحولیاتی اثرات اور گرم و خشک علاقوں میں بارش بڑھانے کی صلاحیت کا جائزہ لیں گے۔ تحقیق میں یہ بھی دیکھا جائے گا کہ زمین کی سطح، جغرافیائی ساخت، فضائی نمی اور مقامی درجہ حرارت بادلوں کی تشکیل اور بارش کے امکانات پر کیسے اثرانداز ہوتے ہیں۔

اماراتی پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد الکمالی کے مطابق نئی فنڈنگ کا مقصد اہم سائنسی سوالات کے جواب تلاش کرنا، جدید طریقے متعارف کرانا اور قابل عمل ٹیکنالوجیز تیار کرنا ہے۔ تحقیق میں مصنوعی ذہانت اور جدید کمپیوٹر ماڈلز بھی استعمال کیے جائیں گے تاکہ موزوں بادلوں کی نشاندہی اور بارش بڑھانے کے نتائج کا بہتر اندازہ لگایا جاسکے۔

ماہرین کے مطابق کلاؤڈ سیڈنگ کے بعد بارش ہونا اس بات کا ثبوت نہیں کہ بارش صرف اسی عمل کے باعث ہوئی، کیونکہ بعض بادل قدرتی طور پر بھی بارش برسانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ عالمی موسمیاتی تنظیم کے مطابق سیڈنگ سے بادلوں کے اندر پانی کے ذرات کے حجم اور تقسیم میں تبدیلی کے شواہد موجود ہیں، تاہم اضافی بارش کی درست مقدار کا تعین اب بھی ایک بڑا سائنسی چیلنج ہے۔

تحقیقی منصوبوں کے لیے درخواستیں 8 دسمبر سے وصول کی جائیں گی، ابتدائی تجاویز جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 مارچ 2027 مقرر کی گئی ہے، جبکہ کامیاب منصوبوں کا اعلان جنوری 2028 میں متوقع ہے۔ منتخب ٹیموں کو تحقیق مکمل کرنے کے لیے ایک سے تین سال دیے جائیں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button