
خلیج اردو
عجمان ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ 17 ستمبر 2026 سے دبئی، شارجہ اور ام القوین جانے والی بعض بسوں میں نقد ادائیگی قبول نہیں کی جائے گی۔
اتھارٹی کے مطابق ان بس روٹس پر سفر کرنے والے مسافر صرف مسار منی کارڈ اور بینک کارڈ کے ذریعے ہی ٹکٹ خرید سکیں گے۔
مسار منی عجمان میں بس کے کرایوں کی ادائیگی کے لیے سرکاری کارڈ ہے، جسے عجمان ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی تمام شاخوں اور منظور شدہ مراکز سے مفت حاصل کیا جاسکتا ہے، تاہم استعمال سے پہلے اس میں رقم جمع کرانا ضروری ہوگا۔
عجمان ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ 17 ستمبر سے اسپیڈ وہیکل ٹیسٹنگ اینڈ رجسٹریشن سینٹر میں بھی نقد ادائیگی ختم کردی جائے گی اور تمام ادائیگیاں الیکٹرانک ذرائع سے کی جائیں گی۔
رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات میں نقد ادائیگی کے مقابلے میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
ویزا کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق روزمرہ خریداری کے لیے نقد رقم استعمال کرنے والے صارفین کی شرح 25 فیصد سے کم ہو کر 16 فیصد رہ گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقامی مارکیٹوں، ٹیکسی سروسز اور بلوں کی ادائیگی جیسے شعبوں میں بھی نقد لین دین میں نمایاں کمی آئی ہے۔
تاہم ٹپس دینے کے لیے اب بھی نقد رقم کا استعمال عام ہے اور 58 فیصد صارفین اس مقصد کے لیے نقد ادائیگی کو ترجیح دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ جون 2026 میں دبئی کی پارکنگ کمپنی پارکن نے بھی 2026 کی کیش لیس حکمت عملی کے تحت پارکنگ میٹروں پر نقد ادائیگی مرحلہ وار ختم کرنے کا عمل شروع کردیا تھا۔







