
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں شدید گرمی کے دوران بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران موزوں بادلوں کی نشاندہی ہونے پر کلاؤڈ سیڈنگ آپریشنز کیے گئے۔
این سی ایم کے مطابق موجودہ بارشوں کی بنیادی وجہ بالائی فضا میں بننے والا کم دباؤ کا نظام ہے جس کے باعث امارات کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔ کلاؤڈ سیڈنگ کا مقصد قدرتی بارش کے عمل کو تقویت دینا اور زمین تک پہنچنے والے بارش کے قطروں کی مقدار میں اضافہ کرنا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ موسمی نظام آج سے بتدریج کمزور ہو کر جنوب کی جانب منتقل ہوگا تاہم دوپہر کے اوقات میں ملک کے مشرقی اور مغربی علاقوں میں بادل بننے کا امکان برقرار رہے گا۔ مغربی علاقوں میں بارش کے امکانات بھی موجود ہیں جبکہ جمعے تک بادلوں میں مجموعی طور پر کمی متوقع ہے۔ العین کے اطراف بارش کا معمولی امکان برقرار رہے گا۔
50 ڈگری گرمی میں بارش کیسے؟
یو اے ای میں حالیہ بارشیں ایسے وقت میں ہوئی ہیں جب بعض علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے۔ ماہرین کے مطابق شدید گرمی سطح زمین کو زیادہ گرم کرتی ہے جس سے بادلوں کی تشکیل میں مدد مل سکتی ہے تاہم صرف زیادہ درجہ حرارت بارش کے لیے کافی نہیں۔
بارش کے لیے فضا میں مناسب نمی، مرطوب ہواؤں، بالائی فضائی نظام، فضائی عدم استحکام اور سازگار ہواؤں سمیت کئی عوامل کا ایک ساتھ موجود ہونا ضروری ہے۔ یہ تمام عوامل شدید گرمی کے ساتھ مل جائیں تو موسم گرما میں بھی گرج چمک والے بادل اور بارش بن سکتی ہے۔
یو اے ای میں حالیہ دنوں میں شدید موسمی سرگرمیاں دیکھی گئی ہیں۔ 29 جولائی کو دبئی سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش، گرد و غبار اور 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار سے ہواؤں کے باعث این سی ایم نے اورنج الرٹ جاری کیا تھا۔ اس سے کئی علاقوں میں حدِ نگاہ بھی متاثر ہوئی۔
اس سے ایک روز قبل مشرقی علاقوں میں مسافی اور العین کے شمالی علاقوں سمیت مختلف مقامات پر بارش اور ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی تھی۔







