خلیجی خبریںمتحدہ عرب امارات

کوک اسٹوڈیو‘ دبئی میں پہلے لائیو کنسرٹ کیلئے تیار

خلیج اردو: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی میوزِک شو ’کوک اسٹوڈیو‘ متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں پہلی مرتبہ لائیو کنسرٹ کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔

کوک اسٹوڈیو کی انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطاب، ’کوک اسٹوڈیو لائیو‘ رواں سال 14 اکتوبر کو دبئی میں ڈیبیو کرے گا۔

اس میوزک سیریز نے بہت سے باصلاحیت گلوکاروں اور نغمہ نگاروں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر شہرت دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس لائیو شو کے دوران اسٹیج پر پرفارم کرنے والے موسیقاروں اور گلوکاروں کے ناموں کا باضابطہ طور پر جلد ہی اعلان کیا جائے گا، شائقین یہ امید کر سکتے ہیں کہ طویل عرصے سے چلنے والے اس میوزیکل شو کے لائیو کنسرٹ کے لیے شو کے سیزن 14 میں زبردست پرفارمنس سے دنیا بھر میں موجود موسیقی کے مداحوں کے دل جیتنے والے فنکاروں کا انتخاب کیا جائے گا۔

اس لائیو کنسرٹ کے حوالے سے کوک اسٹوڈیو کے پروڈیوسر زلفی کا کہنا ہے کہ موسیقی ایک ایسی زبان ہے جس کی کوئی سرحد نہیں ہے اور نہ ہی اس کی کوئی مخصوص ثقافت ہے، موسیقی حقیقی اور بامعنی تعلق کا موقع فراہم کرتی ہے، پھر چاہے کوئی گانا گا رہا ہو یا سن رہا ہو۔

اُنہوں نے کہا کہ دبئی میں کوک اسٹوڈیو لائیو کے ساتھ ہم دنیا کی مختلف آبادیوں کو موسیقی کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑنے اور محبت کرنے کی ایک اور وجہ دینا چاہتے ہیں۔

زلفی نے یہ بھی کہا کہ یہ ایک ایسا تجربہ ہے جسے گنوایا نہ جائے، ہم اس لائیو شو کے لیے بہترین فنکاروں اور موسیقی کا انتخاب کر رہے ہیں، یہ تجربہ متحدہ عرب امارات کے لیے یادگار ہو گا۔

کوک اسٹوڈیو لائیو کنسرٹ کے ٹکٹ 24 اگست سے دستیاب ہوں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button