
خلیج اردو
شارجہ: شارجہ میں موسمِ گرما کی رنگا رنگ مہم ’’شارجہ سمر پروموشنز 2025‘‘ کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے، جس میں کل انعامات کی مالیت 30 لاکھ درہم رکھی گئی ہے، جن میں سونے کی اینٹیں، قیمتی تحائف اور لگژری واؤچرز شامل ہیں۔
یہ 60 روزہ مہم یکم ستمبر تک امارات کے تمام شہروں اور علاقوں میں جاری رہے گی۔ پروموشنز میں 75 سے زائد ایونٹس، خصوصی ڈسکاؤنٹس اور 75 فیصد تک رعایت کے مواقع دستیاب ہوں گے، جن کا اطلاق مقامی اور بین الاقوامی برانڈز پر ہو گا۔
تفریح اور قرعہ اندازیوں سے بھرپور
اس سال کی مہم میں 19 سے زائد سمر مقامات پر تفریحی اور پروموشنل سرگرمیاں شامل ہیں، جبکہ چھ بڑی قرعہ اندازیوں کا انعقاد 10 جولائی، 20 جولائی، 31 جولائی، 10 اگست، 21 اگست اور فائنل ڈرا 1 ستمبر کو ہوگا۔
مختلف شاپنگ مالز اور ریٹیل آؤٹ لیٹس میں حصہ لینے والے صارفین کو فوری انعامات، خریداری واؤچرز، سونے کی اینٹیں، اور دیگر لگژری تحائف جیتنے کا موقع ملے گا۔
ہوٹل پیکجز اور سیاحتی سہولیات
مہم کے دوران 23 ہوٹلوں کی جانب سے 35 سے زائد خصوصی پیکجز پیش کیے جا رہے ہیں، جن میں قیام، کھانے پینے پر خصوصی رعایتیں اور مفت سیاحتی ٹکٹس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مہمانوں کو ہوٹل کی دیگر سہولیات کے لیے مفت کریڈٹ بھی دیا جائے گا۔
نیا ماسکوٹ “شمسا”
خاندانوں اور بچوں کے لیے مہم کو مزید پرکشش بنانے کے لیے اس سال ایک نیا کردار ’’شمسا‘‘ متعارف کروایا گیا ہے، جو پروموشن کی پہچان بنے گا۔
ڈیجیٹل سہولیات
شارجہ سمر پروموشنز کی آرگنائزنگ کمیٹی نے اس سال ایک اسمارٹ ایپلیکیشن بھی متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے صارفین الیکٹرانک قرعہ اندازی میں حصہ لے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مہم کی سرکاری ویب سائٹ www.shjsummer.ae بھی فعال کر دی گئی ہے، جہاں صارفین کو روزانہ کی آفرز، تقریبات، رعایتی مہمات، ہوٹل پیکجز اور بکنگ لنکس تک رسائی حاصل ہے۔
یہ ایپ اور ویب سائٹ صارفین کو ہر رجسٹرڈ خریداری یا ہوٹل بکنگ کے بعد خودکار طریقے سے قرعہ اندازی میں شامل کر دیتی ہیں، جو مہم کے باضابطہ چینلز کے ذریعے کی جائیں۔







