متحدہ عرب امارات

دبئی میں ویزہ فراڈ اسکینڈل، 21 افراد کو سزا اور بھاری جرمانہ

خلیج اردو
دبئی: شہریت اور رہائش کی عدالت نے ویزہ فراڈ سے متعلق ایک بڑے مقدمے میں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 21 افراد کو سزا سناتے ہوئے ان پر مجموعی طور پر 2 کروڑ 52 لاکھ 10 ہزار درہم کا جرمانہ عائد کر دیا۔

یہ افراد غیر قانونی اقامتی ویزوں کے حصول کے لیے فرضی کمپنیاں قائم کرنے کے مرتکب پائے گئے۔ انہوں نے ان جعلی کمپنیوں کے ذریعے لوگوں کو دبئی بلوایا اور پھر ان کاروباروں کو بند کر دیا، جس کے باعث بھرتی کیے گئے افراد کی قانونی حیثیت متاثر ہوئی۔

اس معاملے کی تحقیقات جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز جی ڈی آر ایف اے دبئی کی جانب سے مشتبہ کمپنیوں اور افراد کی نشاندہی کے بعد شروع ہوئیں۔ بعد ازاں، ان کمپنیوں کے مبینہ دفاتر کی نگرانی، معائنہ اور تفتیش کی گئی تو معلوم ہوا کہ یہ دفاتر درحقیقت وجود ہی نہیں رکھتے تھے۔

سینئر ایڈووکیٹ جنرل اور شہریت و رہائش کے پراسیکیوشن شعبے کے سربراہ ڈاکٹر علی حمید بن خاتم کے مطابق، تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ 33 جعلی تجارتی اداروں کے ذریعے 385 اقامتی ویزے حاصل کیے گئے۔ ان اداروں کے بیشتر لائسنس جعلی پتے فراہم کر کے جاری کرائے گئے تھے، جو کہ ایک منظم منصوبہ بندی کی عکاسی کرتا ہے۔

ڈاکٹر بن خاتم نے مزید کہا کہ عوامی استغاثہ نے جامع شواہد کے ساتھ کیس کی پیروی کی اور دبئی کی شہریت و رہائش عدالت نے 21 ملزمان کو سزا سنائی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پبلک پراسیکیوشن مستقبل میں بھی متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر امیگریشن اور لیبر قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا تاکہ معاشرتی استحکام اور لیبر مارکیٹ کی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button