
خلیج اردو
عجمان: حکومت عجمان نے اسلامی سال نو 1447 ہجری کی مناسبت سے جمعہ 27 جون کو سرکاری ملازمین کے لیے عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں انہیں ہفتے اور اتوار کے ساتھ تین دن پر مشتمل طویل ویک اینڈ میسر آئے گا۔ دفاتر پیر 30 جون سے دوبارہ کھلیں گے۔
اس سے قبل دبئی حکومت بھی اسی تاریخ کو سرکاری ملازمین کے لیے تعطیل کا اعلان کر چکی ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے بھی 27 جون کو اسلامی نئے سال کی چھٹی کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔
وفاقی اتھارٹی برائے انسانی وسائل (FAHR) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ تعطیل تمام وفاقی سرکاری اداروں پر لاگو ہوگی، جس سے سرکاری ملازمین کو تین دن کا وقفہ ملے گا۔
اسی طرح متحدہ عرب امارات کے نجی شعبے کے ملازمین کو بھی اسلامی سال نو کی مناسبت سے جمعہ 27 جون کو تنخواہ کے ساتھ تعطیل دی جائے گی۔
اسلامی یا ہجری کلینڈر قمری مہینوں پر مشتمل ہوتا ہے، اور نیا سال محرم الحرام کی پہلی تاریخ سے شروع ہوتا ہے۔ اس تعطیل کا تعین 2025 کے سرکاری تعطیلات کے شیڈول کے مطابق کیا گیا ہے، جو متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے منظور کیا تھا۔
یہ چھٹی عید الاضحیٰ کے بعد آنے والی پہلی قومی تعطیل ہے، جس سے یو اے ای کے رہائشیوں کو ایک اور مختصر وقفے کا موقع ملے گا۔