
خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سفارتی کوششوں اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے تعمیری کردار کو سراہا گیا، جنہوں نے اس معاہدے کی راہ ہموار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
وزارت نے زور دیا کہ مزید کشیدگی سے بچنے اور خطے پر اس کے ممکنہ انسانی و سیکیورٹی اثرات کو کم کرنے کے لیے مربوط اور مؤثر سفارتی ہم آہنگی کا تسلسل ناگزیر ہے۔
بیان میں متحدہ عرب امارات کے اس اصولی مؤقف کو دہرایا گیا کہ خطے کو مزید تنازعات سے بچانے کے لیے تحمل، سیاسی حل اور بات چیت کو ترجیح دی جائے تاکہ ترقی کے مواقع متاثر نہ ہوں اور عوام کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
متحدہ عرب امارات نے اپنے علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر امن، سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے مسلسل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔