
خلیج اردو
دبئی: محکمہ خزانہ دبئی (ڈی او ایف) نے سرکاری خدمات کی فیسوں کی ادائیگی کے لیے متعدد بین الاقوامی ڈیجیٹل والٹس فعال کر دیے ہیں، جس کے بعد دبئی کی تمام سرکاری اداروں میں رہائشی، کاروباری افراد اور سیاح بغیر نقد رقم کے آسانی سے فیس ادا کر سکیں گے۔
اب دبئی حکومت کی فیسیں ایپل پے، سام سنگ پے، گوگل پے، علی پے پلس، علی پے، وی چیٹ پے، روپے، ڈائنرز، ڈسکور، چائنا یونین پے، این پی سی آئی کیو آر (یو پی آئی) اور سافٹ پی او ایس/ٹیپ ٹو پے کے ذریعے ادا کی جا سکتی ہیں۔ یہ سہولت دبئی پے اور دبئی ناؤ ایپ کے موجودہ پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوگی، جب کہ تمام والٹس کا انضمام 2025 کے آخر تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
ڈی او ایف کے ڈائریکٹر جنرل عبد الرحمن صالح السالح نے اس اقدام کو "کیش لیس حکومت” کے قیام کی جانب ایک بڑا سنگِ میل قرار دیا، جس سے سرکاری خدمات میں شفافیت اور جدت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم دبئی کی "کیش لیس اسٹریٹیجی” کے اہداف کے مطابق ہے، جس کا مقصد دبئی کو عالمی سطح پر ڈیجیٹل فنانس کا قائد بنانا ہے۔
ڈیجیٹل دبئی کے ڈائریکٹر جنرل حمد عبید المنصوری نے کہا کہ یہ اقدام دبئی اکنامک ایجنڈا D33 کے تحت شہر کی ڈیجیٹل معیشت کے اہداف کی تکمیل میں مددگار ثابت ہوگا، جبکہ رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے لین دین کو مزید آسان بنائے گا۔
ڈیجیٹل دبئی گورنمنٹ اسٹیبلشمنٹ کے سی ای او مطر سعید الہمیری نے کہا کہ دبئی پے اور دبئی ناؤ میں عالمی والٹس کا انضمام کروڑوں صارفین کے لیے سرکاری فیسوں کی ادائیگی کو زیادہ آسان، محفوظ اور جامع بنا دے گا۔







