
خلیج اردو
دبئی میٹرو بلیو لائن کے نئے اسٹیشنز کے ڈیزائنز جاری کر دیے گئے ہیں، جس کے تحت 30 کلومیٹر طویل اس منصوبے میں 14 اسٹیشنز شامل ہوں گے، جن میں 3 انٹرچینج، 7 بلند اور 4 زیرِ زمین اسٹیشنز شامل ہیں۔
شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے منصوبے کے مرکزی ٹنلنگ کام کا افتتاح کرتے ہوئے اسٹیشنز کے آرکیٹیکچرل اور اندرونی ڈیزائنز کا جائزہ لیا۔
یہ لائن رہائشی، تعلیمی اور ترقیاتی علاقوں کو آپس میں جوڑے گی، جہاں 2040 تک تقریباً 10 لاکھ افراد کے رہنے کی توقع ہے۔
روٹ 1 کریك انٹرچینج سے اکیڈمک سٹی تک 21 کلومیٹر پر مشتمل ہوگا، جو دبئی فیسٹیول سٹی، دبئی کریک ہاربر، راس الخور اور انٹرنیشنل سٹی سمیت کئی اہم علاقوں سے گزرے گا۔
روٹ 2 سنٹرپوائنٹ (الرشیدیہ) سے انٹرنیشنل سٹی تک 9 کلومیٹر طویل ہوگا، جو مردف اور الورقاء جیسے علاقوں کو جوڑے گا۔
منصوبے میں دو ریکارڈ ساز اسٹیشنز بھی شامل ہیں، جن میں انٹرنیشنل سٹی 1 انٹرچینج اسٹیشن دبئی میٹرو کا سب سے بڑا زیرِ زمین اسٹیشن ہوگا، جس کا رقبہ 44 ہزار مربع میٹر سے زائد اور یومیہ گنجائش تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار مسافروں کی ہوگی۔
اسی طرح ایمار پراپرٹیز اسٹیشن دنیا کا بلند ترین میٹرو اسٹیشن ہوگا، جس کی اونچائی 74 میٹر اور گنجائش تقریباً 1 لاکھ 60 ہزار مسافروں یومیہ ہوگی۔
اس اسٹیشن کا ڈیزائن اسکیڈمور اوونگز اینڈ میریل نے تیار کیا ہے، جو برج خلیفہ سمیت کئی عالمی عمارتوں کے ڈیزائن کیلئے مشہور ہے۔
دیگر اسٹیشنز کے ڈیزائن قدرت کے چار عناصر — ہوا، پانی، زمین اور آگ — سے متاثر ہوں گے، جن میں روشنی، رنگ اور کشادہ جگہوں کا استعمال نمایاں ہوگا۔
یہ منصوبہ نہ صرف دبئی کی ٹرانسپورٹ کو جدید بنائے گا بلکہ شہری ترقی اور رہائشی پیٹرن پر بھی گہرے اثرات ڈالے گا۔







