
خلیج اردو
دبئی، 17 مارچ 2025: دبئی میں موسٹ نوبل نمبر پلیٹس کی سالانہ نیلامی کے دوران ڈی ڈی 5 نمبر پلیٹ حیران کن طور پر 35 ملین درہم (تقریباً 2 ارب 67 کروڑ روپے) میں فروخت ہوئی۔ اس نیلامی میں 20 بولی دہندگان نے حصہ لیا، جن میں ایک 13 سالہ بچہ بھی شامل تھا، جو مہنگی نمبر پلیٹ حاصل کرنے کی کوشش میں شریک ہوا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، 13 سالہ بچہ ڈی ڈی 5 نمبر پلیٹ تو نہ خرید سکا لیکن دوسری بولی میں اس نے ڈی ڈی 24 نمبر پلیٹ 48 کروڑ روپے میں خرید لی۔ یہ نیلامی ہر سال رمضان المبارک کے دوران منعقد کی جاتی ہے اور اس بار 25 منفرد موبائل نمبرز اور گاڑیوں کی نمبر پلیٹس فروخت کی گئیں، جس سے مجموعی طور پر 8 کروڑ 36 لاکھ 77 ہزار درہم جمع کیے گئے۔
نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم مستحق افراد کے علاج اور صحت کی سہولیات پر خرچ کی جائے گی۔ اس موقع پر مہنگا ترین موبائل نمبر 1.7 ملین درہم میں فروخت ہوا، جس نے نیلامی کو مزید دلچسپ بنا دیا۔