متحدہ عرب امارات

964 درہم کی شاپنگ، دبئی کے سیلز مین نے دو بیڈ روم اپارٹمنٹ جیت لیا

خلیج اردو
دبئی میں ایک سیلز مین نے صرف 964 درہم کی خریداری کے بعد دو بیڈ روم کا اپارٹمنٹ جیت لیا۔ معمول کی شاپنگ زندگی بدل دینے والی خوشخبری میں تبدیل ہوگئی۔

محمد سلمان مسعود اتوار کو اپنی ڈیوٹی پر موجود تھے جب دبئی فیسٹیول سٹی میں ہونے والی لائیو قرعہ اندازی کے دوران ریڈیو پریزینٹر کرس فیڈ نے انہیں فون کیا۔ تاہم کامیابی کی اطلاع ملنے پر سلمان ابتدا میں سمجھ ہی نہیں سکے کہ انہوں نے اپارٹمنٹ جیت لیا ہے۔

سلمان ایک فوڈ آئٹمز شاپ پر سیلز مین ہیں اور فون آنے کے وقت ڈیوٹی پر موجود تھے۔ ان کی جیتنے والی انٹری 27 مئی کو یونین کوآپریٹو سپر مارکیٹ سے کی گئی 964 درہم کی خریداری کی رسید پر مبنی تھی۔

قرعہ اندازی دبئی کی ’Win Your Home in Dubai‘ شاپنگ مہم کے فائنل ڈرا کے دوران ہوئی۔ اس مہم کے تحت شریک اسٹورز سے خریداری کرنے والے صارفین کو گھر جیتنے کا موقع دیا گیا تھا۔

محمد سلمان نے مہم کا سب سے بڑا انعام الجداف میں دو بیڈ روم کا اپارٹمنٹ جیت لیا۔ یہ اپارٹمنٹ اتوار 30 اگست کو ہونے والی آخری قرعہ اندازی کے لیے مختص کیا گیا تھا۔

22 مئی سے شروع ہونے والی اس مہم میں مجموعی طور پر 12 گھروں کے انعامات رکھے گئے تھے جن میں 11 اسٹوڈیو اپارٹمنٹس اور ایک دو بیڈ روم کا گرینڈ پرائز شامل تھا۔

شرکاء کو کم از کم 500 درہم کی خریداری پر اپنی رسید رجسٹر کرکے قرعہ اندازی میں شامل ہونے کا موقع دیا گیا تھا۔

سلمان نے مہم شروع ہونے کے صرف پانچ روز بعد 964 درہم کی خریداری کی تھی۔ تین ماہ سے زائد عرصے بعد اسی خریداری کی رسید ان کے لیے دبئی میں نئے گھر کا سبب بن گئی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button