
خلیج اردو
دبئی کی لگژری پراپرٹی مارکیٹ میں ایک اور نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔ جمیرہ گالف اسٹیٹس میں ایک شاندار ولا 110 ملین درہم یعنی 11 کروڑ درہم میں فروخت ہوگیا جو اس کمیونٹی میں کسی تیار شدہ رہائشی پراپرٹی کی سابقہ ریکارڈ قیمت سے دگنی سے بھی زیادہ ہے۔
یہ پراپرٹی بی ایکس بی اسٹیٹس کے ذریعے فروخت کی گئی اور جمیرہ گالف اسٹیٹس میں رہائشی پراپرٹی کی سب سے بڑی فروخت قرار دی جارہی ہے۔ اس سے قبل یہاں سب سے زیادہ قیمت 58 ملین درہم ریکارڈ کی گئی تھی۔
چھ بیڈ رومز پر مشتمل اس پرتعیش ولا کا تعمیر شدہ رقبہ 21 ہزار 714 مربع فٹ جبکہ پلاٹ 15 ہزار 873 مربع فٹ پر محیط ہے۔ ولا میں 9 باتھ رومز کے علاوہ 4 لاؤنجز، ہوم آفس، نجی سنیما، روف ٹاپ ٹیرس اور جدید سہولیات سے آراستہ ویلنس ایریا بھی موجود ہے جس میں جم، سونا اور ٹریٹمنٹ سوئیٹ شامل ہیں۔
بی ایکس بی اسٹیٹس کے مطابق یہ ڈیل نجی اور آف مارکیٹ طریقے سے مکمل ہوئی۔ پراپرٹی کو عوامی طور پر فروخت کے لیے پیش نہیں کیا گیا تھا بلکہ ایک کلائنٹ کو اس کے ڈیزائن اور اعلیٰ معیار کی فنشنگ دکھانے کے لیے پیش کیا گیا تھا۔ کلائنٹ نے پراپرٹی خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی جس کے بعد مذاکرات ہوئے اور بالآخر 11 کروڑ درہم میں سودا طے پاگیا۔
ماہرین کے مطابق دبئی کی لگژری پراپرٹی مارکیٹ میں عالمی معاشی اور جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باوجود امیر ترین غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی برقرار ہے۔ انتہائی لگژری گھروں کی محدود دستیابی اور دبئی آنے والے دولت مند افراد کی بڑھتی تعداد نے شہر کی اہم رہائشی کمیونٹیز میں پراپرٹی کی قیمتوں کو مضبوط رکھا ہے۔
ریئل اسٹیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ انتہائی مہنگی پراپرٹیز میں خریدار خاص طور پر رازداری، وسیع رہائشی جگہ اور منفرد ڈیزائن کو ترجیح دے رہے ہیں۔
جمیرہ گالف اسٹیٹس اپنے گالف کورسز، کم کثافت والے رہائشی ماحول اور بڑے ولاز کے باعث دبئی کی انتہائی لگژری پراپرٹی مارکیٹ میں تیزی سے نمایاں مقام بنا رہا ہے۔
اس ولا کی تزئین و آرائش اور ڈیزائن کا کام بی سی آئی فٹ آؤٹ نے مکمل کیا جس نے اپنی bespoke ڈیزائننگ اور اعلیٰ معیار کی فنشنگ کے ذریعے اسے جمیرہ گالف اسٹیٹس کی منفرد ترین رہائشی پراپرٹیز میں شامل کردیا۔







