
خلیج اردو
امارات ایئرلائن نے پیر کی صبح دبئی آنے اور جانے والی اپنی تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔ یہ فیصلہ دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ڈرون سے متعلق ایک واقعے کے بعد کیا گیا۔
فضائی کمپنی نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ فی الحال ہوائی اڈے کا رخ نہ کریں۔ امارات ایئرلائن کا کہنا ہے، “ہمارے مسافروں اور عملے کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تازہ معلومات دستیاب ہونے پر جاری کی جائیں گی۔”
اس سے قبل دبئی میڈیا آفس نے بتایا تھا کہ بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ڈرون سے متعلق واقعے کے باعث ایندھن کے ایک ٹینک کو نقصان پہنچا جس سے آگ لگ گئی۔ بعد ازاں جاری بیان میں کہا گیا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
احتیاطی اقدام کے طور پر دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئیں جبکہ بعض پروازوں کو المکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈے منتقل کر دیا گیا۔
دبئی پولیس کے مطابق ایئرپورٹ روڈ اور ایئرپورٹ ٹنل کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ الغرہود پل سے کاسابلانکا اسٹریٹ جانے والی سڑک بھی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متبادل راستے استعمال کریں۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام اقدامات مسافروں، عملے اور شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی طور پر کیے گئے ہیں جبکہ صورتحال بدستور قابو میں ہے۔







