
خلیج اردو
دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ڈرون سے متعلق ایک واقعے کے بعد پیر کی صبح پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئیں۔ حکام کے مطابق ہوائی اڈے کے قریب ایندھن کے ایک ٹینک کو نقصان پہنچنے سے آگ بھڑک اٹھی۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق شہری دفاع کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور صورتحال کو مکمل طور پر کنٹرول میں رکھا گیا، جبکہ آگ مزید پھیلنے نہیں دی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ کچھ پروازوں کو متبادل طور پر المکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈے منتقل کر دیا گیا۔
دبئی پولیس کے مطابق احتیاطی طور پر ایئرپورٹ اسٹریٹ اور ایئرپورٹ ٹنل کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ الغرہود پل سے کاسابلانکا اسٹریٹ جانے والی سڑک بھی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔
حکام کے مطابق مسافروں اور عملے کی حفاظت کے پیش نظر پروازوں کی معطلی احتیاطی اقدام کے طور پر کی گئی ہے اور مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اپنی پرواز سے متعلق تازہ معلومات کے لیے متعلقہ فضائی کمپنی سے رابطہ کریں۔
اس واقعے کے بعد امارات ایئرلائن نے بھی دبئی آنے اور جانے والی تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مسافروں سے کہا کہ وہ فی الحال ہوائی اڈے کا رخ نہ کریں، تازہ معلومات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کو سترہ دن گزر چکے ہیں اور خطے میں صورتحال بدستور تناؤ کا شکار ہے۔
یاد رہے کہ گیارہ مارچ کو بھی دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب دو ڈرون گرنے کا واقعہ پیش آیا تھا تاہم اس وقت فضائی آپریشن متاثر نہیں ہوا تھا، البتہ تین افراد معمولی زخمی ہوئے تھے۔
موجودہ واقعہ خطے میں بڑھتی ہوئی سکیورٹی خدشات کو ظاہر کرتا ہے اور عالمی فضائی سفر کے حوالے سے نئی تشویش پیدا کر رہا ہے۔







