متحدہ عرب امارات

غزہ میں اسرائیلی بربریت جاری، مزید 95 فلسطینی شہید، انسانی بحران شدت اختیار کر گیا

خلیج اردو
غزہ، 15 جولائی 2025
غزہ میں اسرائیلی افواج کی جارحیت بدستور جاری ہے، تازہ ترین فضائی اور زمینی حملوں میں مزید 95 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں 10 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ درجنوں افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے غزہ میں پانی کی تقسیم کے مرکز کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا، جبکہ خان یونس کے مغربی علاقوں پر بھی شدید گولہ باری کی گئی۔ ان حملوں سے شہری علاقوں میں شدید تباہی ہوئی ہے اور بنیادی سہولیات مکمل طور پر مفلوج ہو چکی ہیں۔

غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 58 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ ہزاروں زخمی ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔

غزہ کی صورتحال اس وقت شدید انسانی بحران میں تبدیل ہو چکی ہے۔ ایندھن کی قلت کے باعث اقوام متحدہ کی آٹھ مختلف ایجنسیوں کے آپریشنز بند ہو چکے ہیں، جبکہ ہسپتالوں میں ادویات کی قلت اور غذائی کمی کے باعث نومولود بچے جان کی بازی ہار رہے ہیں۔

اسرائیلی ناکہ بندی اور مسلسل بمباری نے پانی کی صفائی، نکاسی اور دیگر شہری خدمات کو مکمل طور پر بند کر دیا ہے، جس کے باعث وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ عالمی برادری کی خاموشی پر انسانی حقوق کے اداروں نے بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button