متحدہ عرب امارات

قطر میں سیکیورٹی صورتحال مکمل طور پر مستحکم ہے، امریکی سفارتخانے کی ہدایت محض احتیاطی اقدام قرار

خلیج اردو
دوحہ: قطری حکام نے کہا ہے کہ ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال مکمل طور پر مستحکم اور قابو میں ہے، اور شہریوں کو کسی مخصوص یا مصدقہ خطرے کا سامنا نہیں۔ یہ وضاحت امریکہ سمیت بعض سفارت خانوں کی جانب سے اپنے شہریوں کو احتیاطی ہدایات جاری کرنے کے بعد سامنے آئی ہے۔

قطری وزیراعظم کے مشیر اور وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر ماجد الانصاری نے ایک بیان میں کہا کہ "یہ ہدایات کسی خاص یا قابلِ تصدیق خطرے کی موجودگی کو ظاہر نہیں کرتیں۔”

امریکی سفارتخانے نے پیر کے روز ایک ای میل کے ذریعے امریکی شہریوں کو "تاحکم ثانی محفوظ مقام پر رہنے” کی ہدایت دی، اور کہا کہ یہ پیغام "انتہائی احتیاط” کے تحت جاری کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ ہدایت امریکہ کی جانب سے ایران کی تین جوہری تنصیبات پر اتوار کی علی الصبح کیے گئے بمباری کے بعد جاری کی گئی۔

ڈاکٹر الانصاری نے عوام، مقیم افراد اور سیاحوں کو یقین دلایا کہ سیکیورٹی ادارے صورت حال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں اور عوامی تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا: "متعلقہ ادارے مکمل طور پر چوکنا ہیں اور کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ عوام کو معلومات صرف سرکاری ذرائع سے حاصل کرنی چاہییں۔”

قطری ترجمان نے یہ بھی کہا کہ قطر خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، اور اس مقصد کے لیے علاقائی و بین الاقوامی شراکت داروں سے فعال رابطے میں ہے۔

اتوار کے روز قطر نے ایران پر حملوں کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ حالات پر گہری تشویش کے ساتھ نظر رکھے ہوئے ہے۔

قطر نے زور دیا ہے کہ تمام فریقین فوری طور پر عسکری کارروائیاں روک کر بات چیت اور سفارتی عمل کی جانب لوٹ آئیں تاکہ مسائل کا پرامن حل نکالا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button