متحدہ عرب امارات

شارجہ پولیس کا شاندار اقدام: اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلبہ کے لیے مفت ڈرائیونگ لائسنس

خلیج اردو
شارجہ: شارجہ پولیس نے سرکاری اسکولوں سے فارغ التحصیل ہونے والے اعلیٰ کارکردگی کے حامل دسویں جماعت کے طلبہ کو مفت ڈرائیونگ لائسنس دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اقدام تعلیمی میدان میں شاندار کامیابی حاصل کرنے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کیا گیا ہے۔

یہ منفرد اقدام "لائسنس آف ایکسی لینس” کے نام سے شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد ان ہونہار طلبہ کو بااختیار بنانا ہے جو اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کرنے اور کالج میں داخلہ لینے کے مرحلے پر ہیں۔

یہ منصوبہ شارجہ پولیس کے شعبہ وہیکل و ڈرائیور لائسنسنگ، وزارت تعلیم، شارجہ پرائیویٹ ایجوکیشن اتھارٹی، شارجہ ڈرائیونگ انسٹیٹیوٹ اور بلحصہ ڈرائیونگ انسٹیٹیوٹ کے باہمی اشتراک سے ممکن ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ لائسنس فائل کھولنے سے لے کر لائسنس کے اجراء تک تمام مراحل کو مفت فراہم کرے گا۔ اس میں نظر کے ٹیسٹ، تربیتی کورس، تھیوری اور عملی امتحانات، اور دیگر تمام فیسیں شامل ہوں گی۔

اہلکاروں کے بچوں کے لیے بھی رعایت

ایک اور اقدام کے تحت "لائسنس فار سنز آف ڈیڈیکیشن” کے نام سے شارجہ پولیس اہلکاروں کے بچوں کو تربیتی فیس پر 50 فیصد رعایت دی جائے گی، جو موسم گرما کی چھٹیوں کے دوران مؤثر رہے گی۔

بریگیڈیئر خالد محمد الکئی، ڈائریکٹر وہیکل و ڈرائیور لائسنسنگ ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ یہ دونوں منصوبے سرکاری اداروں اور تعلیمی اداروں کے درمیان مفید شراکت داری کے تحت شروع کیے گئے ہیں تاکہ نوجوانوں میں ابتدائی عمر سے محفوظ ڈرائیونگ کا شعور پیدا کیا جا سکے۔

قابل ذکر ہے کہ متحدہ عرب امارات کے نئے ٹریفک قانون کے تحت ڈرائیونگ کے لیے عمر کی کم سے کم حد 17 سال مقرر کر دی گئی ہے، جو پہلے 18 سال تھی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button