خلیج اردو
دبئی: سعودی عرب کے صوبہ القنفذہ میں ہفتے کی شام سیلابی ریلے میں ایک گاڑی بہہ جانے سے ماں اور بچہ جاں بحق ہو گئے۔
حادثہ ثلثاء بنی عیسیٰ کے قریب اس وقت پیش آیا جب بھاری بارش کے باعث نچلی گزرگاہ پانی میں ڈوب گئی تھی۔ اہلخانہ نے گاڑی گزارنے کی کوشش کی لیکن پھسلن اور مٹی کے کٹاؤ کے باعث گاڑی سیلابی نالے میں جا گری۔
والد دو بچوں کو نکالنے میں کامیاب ہوگئے، تاہم تیز بہاؤ ماں اور دوسرے بچے کو بہا لے گیا، جن کی لاشیں بعد میں برآمد کی گئیں۔
شدید بارش اور مٹی کے تودے گرنے کے باعث امدادی کارروائیوں میں دشواری پیش آئی۔ مقامی افراد کے مطابق بارش کے باعث حدِ نگاہ بھی متاثر تھی، جس سے گزرگاہ مزید خطرناک ہوگئی تھی۔
اتوار کو گورنر القنفذہ محمد بن عبدالعزیز القبعہ نے جنازے اور تدفین میں شرکت کی اور متاثرہ خاندان سے تعزیت کی۔ انہوں نے شہزادہ خالد الفیصل، مشیر خادم حرمین اور گورنر مکہ مکرمہ، اور نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود کی جانب سے بھی تعزیت کا پیغام پہنچایا۔







