خلیج اردو: متحدہ عرب امارات میں دبئی کی ایک عدالت نے مجرم کو انوکھی سزا دیتے ہوئے فراڈ کیس میں اس کا انٹرنیٹ بند کرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق دبئی کی ایک عدالت نے دھوکا دہی کے ایک مقدمے میں دو افریقی شہریوں کو ایک ماہ قید، 44 ہزار درہم جرمانے اور ملک سے بے دخلی کے ساتھ 6 ماہ انٹرنیٹ کے استعمال پر پابندی کی سزا سنائی ہے
امارات الیوم کے مطابق عدالت نے یہ سزا ایک ملزم کی عدم موجودگی میں سنائی ہے، اور پولیس دھوکا دہی میں ملوث ایک ملزم کو تلاش کر رہی ہے۔
ایک خلیجی شہری نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ اس نے ایک آن لائن شاپنگ سائٹ پر موٹر سائیکل کے لیے اشتہار دیا، جس پر ایک شخص نے رابطہ کر کے پیش کش کی کہ مطلوبہ موٹر سائیکل 22 ہزار درہم میں دستیاب ہے۔
خلیجی شہری کے مطابق سودا ہونے پر افریقی شہری نے مختلف بہانوں سے موٹر سائیکل کی قیمت دگنی کر دی اور بینک اکاؤنٹ میں رقم طلب کرتا رہا
جب خلیجی شہری نے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے اسے 44 ہزار درہم کی ادائیگی کر دی تو اس نے شپنگ فیس کے نام پر مزید پانچ ہزار درہم طلب کیے جس پر خلیجی شہری کو شبہ ہوا کہ وہ دھوکا بازوں کے جال میں پھنس گیا ہے۔
پبلک پراسیکیوشن میں ملزم نے بیان میں کہا کہ خلیجی شہری کا دعویٰ درست ہے، اس کے ایک دوست نے انٹرنیٹ پر اشتہار دیکھ کر خلیجی شہری سے واٹس ایپ پر رابطہ کر کے رقم ہتھیانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ ملزم نے بتایا کہ میرا کام اکاؤنٹ میں آنے والی رقم نکال کر دوست کے حوالے کرنا تھا جس پر کمیشن ملتا تھا