متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات کی قطر میں العدید ایئربیس پر ایرانی حملے کی شدید مذمت

خلیج اردو
ابوظہبی:متحدہ عرب امارات نے ایران کی جانب سے قطر میں واقع العدید ایئربیس کو نشانہ بنانے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے قطر کی خودمختاری اور فضائی حدود کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ اماراتی وزارت خارجہ کے مطابق یہ اقدام بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔

وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات برادر ملک قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اپنے شہریوں اور رہائشیوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے تمام اقدامات کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ خطے میں کسی بھی قسم کی عسکری کشیدگی کو فوری طور پر روکا جائے، کیونکہ ایسے اقدامات سے نہ صرف علاقائی امن کو شدید خطرہ لاحق ہوتا ہے بلکہ یہ عالمی سلامتی کے لیے بھی تباہ کن نتائج پیدا کر سکتے ہیں۔

وزارت نے سفارتی حل اور حسنِ ہمسائیگی کے اصولوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ بحرانوں پر قابو پانے اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کا واحد راستہ سنجیدہ مکالمہ ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button