خلیج اردو آن لائن:
متحدہ عرب امارات کے حکام نے یو اے ای میں ہفتہ وار سرکاری چھٹی میں تبدیلی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی افواہیں جھوٹی ہیں۔
خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر یو اے ای کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے حوالے سے ایک خبر گردش میں تھی کہ متحدہ عرب امارات ہفتہ وار جمعے اور ہفتے کی سرکاری چھٹیوں کو تبدیل کر کے ہفتے اور اتوار کو سرکاری چھٹی کرنے پر غور کر رہا ہے۔ تاہم، وام نے ایسی کسی بھی خبر کی تردید کرتے ہوئے ایسی معلومات کو جھوٹا قرار دیا ہے۔
سرکاری نیوز ایجنسی وام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر محمد جلال الرئیسی نے نجی خبررساں ادارے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ انہوں نے ایسی کوئی بھی خبر نشر نہیں کی ہے۔ لہذا لوگوں کو چاہیے کہ ایسی جھوٹی خبر کو پھیلانے سے باز رہیں۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات نے بین الاقوامی ممالک کے ساتھ اپنی دفتری اوقات اور ہفتہ وار چھٹیوں میں مطابق پیدا کرنے کے لیے جمعرات اور جمعے کی ہفتہ وار چھٹی کو تبدیل کر کے جمعہ اور ہفتہ کر دیا تھا۔
نوٹ: متحدہ عرب امارات کے قانون کے مطابق جان بوجھ کر جھوٹی خبریں پھیلانے پر کم از کم ایک سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
Source: Khaleej Times







