متحدہ عرب امارات

یو اے ای: گھریلو ملازمین کی بھرتی کرنے والے 42 دفاتر پر جرمانے، 6 ماہ میں 135 خلاف ورزیاں سامنے آگئیں

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کی وزارتِ انسانی وسائل و اماراتائزیشن (MoHRE) نے 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران گھریلو ملازمین کی بھرتی کرنے والے 42 دفاتر پر 135 قانونی اور انتظامی خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کیے ہیں۔

وزارت کے مطابق 106 خلاف ورزیاں ایسی تھیں جن میں بھرتی کرنے والے دفاتر نے قانونی مدت کے اندر آجر (Employer) کو بھرتی فیس مکمل یا جزوی طور پر واپس نہیں کی۔

گھریلو ملازمین کے قانون کے ایگزیکٹو ضوابط کے تحت اگر گھریلو ملازم دفتر کو واپس کر دیا جائے یا اس کے کام چھوڑنے کی اطلاع دی جائے تو بھرتی دفتر پر لازم ہے کہ وہ دو ہفتوں کے اندر آجر کو مقررہ فیس واپس کرے۔

وزارت نے کہا کہ فیس کی بروقت واپسی آجر کے حقوق کے تحفظ، معاہداتی توازن برقرار رکھنے اور تنازعات سے بچنے کے لیے بنیادی قانونی تقاضا ہے۔

اس کے علاوہ 29 خلاف ورزیاں ایسی ریکارڈ کی گئیں جن میں دفاتر نے گھریلو ملازمین کی بھرتی سے متعلق منظور شدہ قواعد و ضوابط اور طریقہ کار پر عمل نہیں کیا۔

وزارت کے مطابق یہ کارروائیاں لائسنس یافتہ بھرتی دفاتر کی مسلسل نگرانی کے ذریعے گھریلو ملازمین کی بھرتی کے نظام کو مزید مؤثر، شفاف اور قابلِ اعتماد بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں، تاکہ تمام فریقین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اس وقت متحدہ عرب امارات میں گھریلو ملازمین کی بھرتی کے 138 لائسنس یافتہ دفاتر کام کر رہے ہیں۔ وزارت نے ضابطوں پر عمل کرنے والے دفاتر کی شفافیت، خدمات کے معیار اور قوانین کی پابندی کو سراہا۔

وزارت نے واضح کیا کہ خلاف ورزیوں کے خلاف اس کا انسپیکشن اور نگرانی کا نظام مکمل طور پر فعال ہے اور ہر خلاف ورزی پر سخت، شفاف اور سنجیدہ کارروائی کی جائے گی۔

وزارت نے شہریوں اور رہائشیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف وزارت کی سرکاری ویب سائٹ پر درج لائسنس یافتہ بھرتی دفاتر سے ہی خدمات حاصل کریں، جبکہ کسی بھی شکایت یا خلاف ورزی کی اطلاع وزارت کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز یا لیبر کلیمز اینڈ ایڈوائزری کال سینٹر 80084 پر دیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button