
خلیج اردو
متحدہ عرب امارات نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس یعنی وی اے ٹی کے انتظامی قوانین میں اہم ترامیم کردی ہیں جن کا مقصد ٹیکس چوری کے خطرے کو کم کرنا اور کاروباری اداروں کے لیے قوانین پر عملدرآمد مزید واضح بنانا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق نئی ترامیم کے تحت بڑی مالیت کی نقد ادائیگیوں پر ان پٹ ٹیکس کی واپسی محدود کردی جائے گی۔ تاہم نقد ادائیگی کی حد کا تعین وزیر خزانہ کے آئندہ فیصلے کے ذریعے کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ٹیکس قوانین کی پابندی مضبوط بنانے اور ٹیکس چوری کے خطرات کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے جبکہ ترامیم سے ٹیکس دہندگان کے لیے طریقہ کار آسان اور ٹیکس سے متعلق تنازعات میں کمی آنے کی توقع ہے۔
نئی ترامیم میں طبی مصنوعات کی فراہمی اور درآمد، ملازمین کی رہائش پر ان پٹ ٹیکس کی وصولی، کیپیٹل اثاثہ جات اسکیم اور ان پٹ ٹیکس کی تقسیم سے متعلق قوانین بھی واضح کیے گئے ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق وی اے ٹی قوانین میں ایک ہی مشترکہ سپلائی کی ٹیکس حیثیت سے متعلق نئی شقیں بھی شامل کی گئی ہیں تاکہ لین دین کی حقیقی معاشی نوعیت کو مدنظر رکھا جاسکے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ٹیکس قوانین میں یہ ترامیم بدلتے ہوئے معاشی اور قانونی حالات سے ہم آہنگ رہنے کے لیے جاری جائزے کا حصہ ہیں اور ان کا مقصد متحدہ عرب امارات میں کاروبار کرنے والے اداروں کے لیے ٹیکس نظام پر عملدرآمد مزید آسان بنانا ہے۔







