متحدہ عرب امارات

شدید گرمی کے باوجود یو اے ای میں 3 اگست تک بارشوں کا امکان

خلیج اردو

متحدہ عرب امارات میں شدید گرمی کے دوران آئندہ چند روز کے دوران بارش اور ابر آلود موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں 3 اگست تک بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات 30 جولائی سے پیر 3 اگست تک مشرقی اور جنوبی علاقوں میں دوپہر کے بعد گرج چمک والے بادل بننے اور بارش کا امکان ہے۔ فجیرہ، راس الخیمہ اور العین کے پہاڑی اور ساحلی علاقوں میں گزشتہ روز بارش اور ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی۔

ماہرِ موسمیات احمد حبیب کے مطابق خطے میں جاری ال نینو موسمیاتی رجحان یو اے ای میں بارش کے امکانات بڑھانے کی ایک وجہ ہوسکتا ہے۔ اس رجحان کے باعث فضا میں نمی بڑھ رہی ہے جس سے بادل بننے اور بارش کے امکانات میں اضافہ ہورہا ہے تاہم درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع نہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران ساحلی علاقوں میں درجہ حرارت 38 سے 46 ڈگری جبکہ اندرونی علاقوں میں 43 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ پہاڑی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 40 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے۔

تیز ہواؤں کے باعث بعض علاقوں میں گرد و غبار بھی اٹھنے کا امکان ہے جبکہ ہواؤں کی رفتار بعض اوقات 45 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔

حکام نے بارش کے دوران ڈرائیورز کو محتاط رہنے، رفتار کم رکھنے اور ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو وادیوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے کیونکہ شدید بارش کی صورت میں وہاں اچانک سیلاب آسکتا ہے۔

حکام نے شہریوں کو موسم کی تازہ صورتحال کے لیے سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کرنے اور افواہیں پھیلانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button