
خلیج اردو
دبئی انٹرنیشنل ہولی قرآن ایوارڈ کے 29ویں ایڈیشن میں غیر معمولی شرکت ریکارڈ کی گئی ہے۔ دبئی میڈیا آفس کے مطابق رجسٹریشن کے پہلے دو ہفتوں میں 120 ممالک سے مرد و خواتین کی 12 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔
رواں سال ایوارڈ کی مجموعی انعامی رقم 33 لاکھ ڈالر سے زائد یعنی 1 کروڑ 20 لاکھ درہم سے زیادہ رکھی گئی ہے۔
گزشتہ سال 105 ممالک سے 5 ہزار 618 افراد نے شرکت کی تھی، جبکہ رواں سال ابتدائی دو ہفتوں میں ہی شرکا کی تعداد میں 113.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایوارڈ کے لیے رجسٹریشن 15 اگست تک جاری رہے گی۔
دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے 7 جولائی کو دبئی انٹرنیشنل ہولی قرآن ایوارڈ کے 29ویں ایڈیشن کا اعلان کیا تھا۔ یہ قرآن پاک حفظ کرنے والوں کو اعزاز دینے والے دنیا کے بڑے ایوارڈز میں شمار ہوتا ہے۔
ایوارڈ کے 28 ایڈیشنز میں اب تک 123 ممالک سے 7 ہزار 826 افراد شریک ہوچکے ہیں جبکہ پہلے ایڈیشن سے اب تک 6 کروڑ 70 لاکھ درہم سے زائد انعامی رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔
گزشتہ 28 ایڈیشنز کے دوران 24 شخصیات اور 3 اداروں کو گلوبل قرآنک پرسنالٹی ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔
شیخ محمد بن راشد المکتوم کے مطابق رواں سال کے ایوارڈز کے فاتحین کو رمضان 2027 میں اعزازات سے نوازا جائے گا۔







