خلیج اردو آن لائن:
دبئی کے ویزوں سے متعلق معاملات کو دیکھنے والے محکمے GDRFA کے کال سنٹر آمر کی طرف سے دی معلومات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں قیام پزیر وہ سیاح جن کے ویزے 19 دسمبر سے 15 جنوری کے درمیان ختم ہوئے ہیں وہ مزید 26 جنوری تک ملک میں قیام کر سکتے ہیں۔
نجی خبر رساں ادارے خلیج ٹائمز کے مطابق ادارے کو بعض سیاحوں کی جانب سے بتایا گیا ہے انکے ویزوں میں خود بخود 26 جنوری تک کی توسیع کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ 27 دسمبر کو متحدہ عرب امارات کے نائب صدور و وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ملک میں موجود تمام سیاحوں کے ویزوں میں ایک ماہ کی مفت توسیع کا علان کیا تھا۔
یہ اعلان اس وقت کیا گیا تھا جب متعدد ممالک کی جانب سے کورونا کی نئی قسم کے سامنے آنے کے بعد فضائی سفر پر پابندی عائد کر دی گئی تھی اور لاک ڈاؤن لگا دیے گئے تھے۔
ایک سیاح وانی اگروال نے نجی خبر رساں ادارے خلیج ٹائمز کے ساتھ بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ نئے سال کے موقع پر اپنے شوہر سے ملنے اپنی بیٹی کے ساتھ یو اے ای آئی تھیں اور انکا ویزا 3 جنوری تک کار آمد تھا۔ تاہم متحدہ عرب امارات کی حکومت کیجانب سے اعلان کے بعد انکے ٹریول ایجنٹ نے انہیں فون کر کے بتایا کہ انکا ویزا اب جنوری کے آخر تک کار آمد ہے، اب انکا ویزا جنوری کے آخر میں ختم ہوگا۔
اس کے علاوہ بھی کئی دیگر سیاحوں نے خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے ویزوں میں ہونے والی توسیع کی تصدیق کی ہے اور متحدہ عرب امارات کی حکومت کے احسن اقدام کی تعریف کی گئی ہے۔
مزید برآں، یو اے ای مقیم سیاح جن کے ویزے 19 دسمبر کے بعد ختم ہوئے ہیں وہ آؐمر سنٹر کی ویب سائٹ www.amer.ae جا کر اپنے ویزے کا اسٹیٹس آن لائن دیکھ سکتے ہیں یا پھر آمر سنٹر پر جا کر معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
Source: Khaleej Times







